۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
رسالہ ذہبیہ

حوزہ/ یہ کتاب بظاہر نہایت مختصر سی ہے لیکن اس میں موجود مطالب بے حد دقیق و عمیق ہیں اور ان کے جملوں کی وضاحت کئی کئی سطروں میں کی جاسکتی ہے۔اس کتاب میں عربی ادب کو ملحوظ نظر رکھا گیا ہے جو اپنے اعتبار سے فصاحت و بلاغت کا شاہکار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رسالہ ذہبیہ یا طب الرضا: یہ کتاب، امام رضا علیہ السلام سے منسوب ایک طبی رسالہ ہے۔ جسے امام نے مامون کی گزارش پر تحریر فرمایا ہے۔  اس مختصر رسالہ میں آپ نے طب اور حفظان صحت سے متعلق تمام شعبوں  کی بخوبی تشریح کی ہے۔ اگرچہ یہ کتاب علم طب پر لکھی گئی ہے لیکن عربی ادب کا بہترین شاہکار ہے اس میں امام نے اپنے مطالب کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے بہترین ادب کے اشارے، کنایے، استعارے اور کتاب کا مطالعہ کرنے والوں پر شاق نہ ہو اس لئے مختصر الفاظ میں بیان فرمایا ہے۔

آپ نے اس رسالہ کو چار حصوں میں بانٹا ہے۔
١۔ علم تشریح الابدان:  یعنی انسانی جسم کی بناوٹ معلوم کرنے کا علم۔
٢۔علم Physiology: یہ علم جانداروں کے جسمانی اعضاء، ان کی کارکردگی اور انکا ایک دوسرے سے رابطہ بیان کرتا ہے۔
٣۔ مرض شناسی:  ایسا علم جو امراض کے علل و اسباب اور مرض کی حقیقت پر بحث کرتا ہے۔
٤۔ حفظان صحت:  تندرستی کی حفاظت اور بیماری سے بچنے کے قواعد۔

آپ مقدمہ میں عرض کرتے ہیں: خدانے انسانی بدن کو ایک مملکت کی طرح بنایا، اس جسمانی مملکت کا بادشاہ دل ہے، رگیں مغز اور اعصاب اس بادشاہ کے کارندے ہیں۔ جو زمین اس بادشاہ کے اختیار میں ہے وہ انسان کا بدن ہے۔ بدن کے دوسرے اعضاء اس کے مددگار اور محافظ شمار کئے جاتے ہیں۔

آج کی میڈیکل سائنس میں طلاب کو سب سے پہلے علم ابدان کی تشریح اور انکے وظائف کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔
امام نے اس چیز کو چودہ صدی پہلے بخوبی واضح کردیا ہے جب کہ طب اپنے ابتدائی مراحل طے کررہاتھا۔

اس کتاب کے قلمی نسخہ کا ڈیجیٹل نور مائیکروفلم سینٹر میں موجود ہے جسے کتابخانہ آصفیہ حیدرآباد سے حاصل کیا گیا ہے۔

یہ کتاب دو زبان عربی اور فارسی میں ہے۔ جسکی کتابت شیخ عبداللہ بن عبد الرشید نے سید شرف الدین کی فرمائش پر کی ہے ۔ کتابت کی تاریخ ١١ رمضان سن ١١٠٣ھ ذکر ہے۔
کتابت کا عنوان یہ ہے: الرسالۃ الذھبیۃ فی الطب۔۔۔ آغاز : قال امام الانام غرة وجہ الاسلام مظھر الغموض ۔۔۔
کتاب کے کل صفحات کی تعداد ٣٧ ہے اور ہر صفحہ پر 9/سطر ہیں جن کے نیچے فارسی ترجمہ ذکر ہے۔

یہ کتاب بظاہر نہایت مختصر سی ہے لیکن اس میں موجود مطالب بے حد دقیق و عمیق ہیں اور ان کے جملوں کی وضاحت کئی کئی سطروں میں کی جاسکتی ہے۔
اس کتاب میں عربی ادب کو ملحوظ نظر رکھا گیا ہے جو اپنے اعتبار سے فصاحت و بلاغت کا شاہکار ہے۔

رسالہ ذہبیہ (طب الرضا) کا مختصر خاکہ
تحریر: مولانا رضوان علی

تبصرہ ارسال

You are replying to: .