حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آئي آر آئي بی میں ڈاکٹر علی عسکری کی سربراہی کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے ان کی انتھک کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک حکمنامے میں ڈاکٹر پیمان جبلی کو مذکورہ ادارے کا سربراہ منصوب کیا ہے اور نئے سربراہ کے دور میں قومی میڈیا کی ترجیحات کی حیثیت سے عمومی آگہی اور معرفت کا معیار مزید بہتر بنانے، ثقافتی رہنمائی، قومی و انقلابی تشخص کے جذبے کی تقویت، امید و نشاط کے فروغ اور اسلامی و ایرانی طرز زندگي کی ترویج جیسی باتوں پر زور دیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے حکمنامے کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
جناب ڈاکٹر پیمان جبلی دام توفیقہ
جناب ڈاکٹر علی عسکری کا آئي آر آئي بی کی سربراہی کا خدمات سے بھرا دور ختم ہونے کے بعد، جو اس مومن اور مخلص عہدیدار کی انتھک اور ہمدردانہ کوششوں سے پر تھا، آپ کو، جو دینی و انقلابی صلاحیت اور قومی ريڈیو اور ٹی وی کے ادارے کے مختلف منصبوں پر کام کرنے کا طویل تجربہ اور مہارت رکھتے ہیں نیز قومی میڈیا کی ماہیت، کارکردگي اور ذمہ دایوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، پانچ سال کے لیے اس ادارے کا سربراہ منصوب کرتا ہوں۔
ملک کا قومی میڈیا، عمومی آگہی اور معرفت کی سطح بلند کرنے کی ایک یونیورسٹی، حقائق کی تحریف اور فتنہ انگیز لہروں سے مقابلے کا میدان، فن و ہنر اور جمالیات کے جلووں سے سبھی کے چشم و دل کے بہرہ مند ہونے کا ایک پرسکون ٹھکانہ اور ملک کی عمومی فضا میں امید و نشاط پھیلانے کا ایک مرکز ہے۔
ثقافتی رہنمائی، قومی و انقلابی تشخص کے جذبے اور احساس کا استحکام، اسلامی و ایرانی طرز زندگي کی ترویج اور قومی یکجہتی میں اضافہ ان ترجیحات میں شامل ہیں جنھیں آپ کو انسانی سرمائے کا معیار بہتر بنا کر، پروگراموں کی کیفیت کو اونچا اٹھا کر، جدت عمل سے استفادہ کر کے اور رات دن کوشش کر کے حاصل کرنا ہے، ان شاء اللہ۔
میں آئي آر آئي بی کی سربراہی کے دوران جناب ڈاکٹر عسکری کی انتھک کوشش کا دل سے شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں جو واقعی قابل تعریف ہے۔ میں آپ کو موصوف کی سربراہی کے دور کے طویل المیعاد اور نا مکمل پروجیکٹس سے بہرہ مندی کی سفارش کرتا ہوں۔ خداوند عالم سے آپ کی توفیقات میں اضافے کی دعا کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ
29 ستمبر 2021