حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عراقی قومی موومنٹ حکمت کے سربراہ حجۃ الاسلام سیدعمارحکیم نےعراقی سول سوسائٹی اداروں کی چوتھی کانفرنس سے خطاب کے دوران،ان اداروں کوشعور اور آگہی کے ساتھ انتخابات میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنےکی دعوت دیتے ہوئےکہاکہ انتخابات کا بائیکاٹ،قومی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے سول سوسائٹی کے اداروں کی چوتھی کانفرنس سے خطاب کرتےہوئےکہاکہ انتخابات تمام شہریوں کے بنیادی حق نیز حکومت کی تشکیل اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لئے ایک قومی ذمہ داری ہے۔
سیدعمارحکیم نے کہا کہ انتخابات کا بائیکاٹ یا اس کی طرف عدم توجہ،نہ صرف شہریوں کے حق سے دستبردار ہونا ہے بلکہ قومی و ملی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹنے کےمترادف شمار کیا جائے گا اور انتخابات میں شرکت،ملک کو خطرات اور چیلنجز سے نکالنے کا باعث بنے گی۔
حکمت موومنٹ کے رہنما نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ناراضگی اور ایک دوسرے پر الزام تراشی سے اصلاح ممکن نہیں ہے،مزیدکہاکہ وہ لوگ جو انتخابات کی اہمیت سے غافل ہیں دوسرے ان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے ان تمام مسائل کے حل کو شعور و آگہی کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینا قرار دیا اور کہا کہ اگر بڑے پیمانے پر انتخابات میں حصہ لیں تو اصلاحات اور تبدیلیاں رونما ہوں گی۔
عمارحکیم نے آخر میں بیان کیا کہ جمہوریت کا تعلق بنیادی طور پر ملت کے ساتھ ہے اور اگر درست انتخاب اور وسیع پیمانے پر شرکت رہی تو یقیناً اصلاحات اور بہتر نتائج برآمد ہوں گے لیکن اگر معاملات اس کے برعکس ہوں تو منفی نتائج برآمد ہوسکتےہیں۔