حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ بعثت پاکستان کے وفد نے جناب عمران حیدر کی سربراہی میں دفتر قائد قم میں مدیر دفتر جناب حجہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ظفر علی نقوی اور کابینہ سے ایک اہم ملاقات کی۔ جس میں مختلف تنظیموں کے درمیان اتحاد و وحدت کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ مدیر دفتر نے سب سے پہلے بعثت کے وفد کو دفتر میں خوش آمدید کہا اور تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بعثت وفد کی جانب سے اتحاد و وحدت کیلئے انجام دئے گئے اقدام کو مستحسن قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ نے فرمایا ہے کہ اتحاد و وحدت کیلئے مشاورتی عمل جاری رکھا جائے اور ہم قائد محترم کے اس فرمان پر عمل پیرا ہیں۔ دوسری بات قائد ملت نے حفظ مراتب کے خیال رکھنے کا کہا ہے اور ہم ان اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کیساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
بعثت وفد کے سربراہ جناب عمران حیدر نے کہا کہ ہماری شروع سے یہی کوشش ہے کہ حفظ مراتب کا خیال رکھتے ہوئے اس عمل کو جاری رکھا جائے۔ ہم تمام ملی تنظیموں اور بزرگان کی حمایت اور تعاون کیساتھ مشترکہ پروگرام کرنا چاہتے ہیں جس میں تمام تنظیمیں میزبان ہوں۔ بعثت کے وفد میں جناب عمران حیدر مسول شورای نظارت بعثت و رکن بعثت ٹرسٹ پاکستان، محمد صغیر رکن شورای نظارت اور نائب مسول منتظر مہدی شامل تھے۔
دفتر قائد ملت جعفریہ قم کے وفد میں مدیر دفتر جناب ڈاکٹر سید ظفر علی نقوی، نائب مسول دفتر جناب غلام محمد شاکری، مسول مالیات جناب ضیغم عباس، مسول میڈیا جناب اجمل قاسمی اور عادل حسین ذوالعینی شامل تھے۔