۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
میاں ذکر اللہ مجاہد

حوزہ/ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلام کے دیئے ہوئے نظام زندگی کے غلبہ کی جدوجہد کر رہی ہے، قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو ملک کے فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی  نے ربیع الاول کے آغاز سے ہی نبیؐ سے پیار سود سے انکار مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ شہر بھر کی تمام یونین کونسلز میں انسداد سود کیمپوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور ماہ ربیع الاول میں سود کے خاتمے کیلئے اہلیان لاہور کیلئے دستخطی مہم بھی بھر پور انداز میں چلائی جائے گی۔ شہر بھر کی تمام یونین کونسلوں میں سیرت البنیؐ کانفرنسز اور جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر بھر میں لگنے والے انسداد سود کیمپوں کا دور کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور نے شہر بھر کی تمام یونین کونسلز میں 30 سے زائد انسداد سود کیمپ لگا کر سود کی تباہ کاریوں اور اس کے بدترین گناہوں سے اہلیان لاہور کو آگاہی دینے کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے جو ہر مسلمان کے خون میں گردش کرتی ہے، ناموس رسالت کی حفاظت ہر مسلمان کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول برکتوں اور رحمتوں نزول کا مہینہ ہے، آقا سرور کائنات کی سیرت اور تعلیمات کو اپنانے سے خوشحالی اور ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں، لوگوں کے دکھوں کا مداوا اور مسائل کا حل نبی مہربانؐ کے دیئے ہوئے بابرکت نظام سے ہی ممکن ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان میں اسلام کے دیئے ہوئے نظام زندگی کے غلبہ کی جدوجہد کر رہی ہے، قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو ملک کے فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .