حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ پیمان جبلّی سے حرم امام رضا علیہ السلام میں اپنی ملاقات کے دوران ایران کے ریڈیو اورٹیلی ویژن کے ادارے کے لئے فرائض کی انجام دہی میں کامیابی کے تعلق سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب معاشرہ دشمن ميڈیا کی ثقافی یلغار کی زد پر ہے قومی ذرائع ابلاغ کا کردار خصوصاً ناظرین و سامعین کی کثیر تعداد کو مدّ نظر رکھتے ہوئے بہت اہم اور حساس ہے ۔
انہوں نے معاشرے میں اسلامی اخلاقیات اور دینی تعلیمات کے فروغ میں فن اور آرٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں دینی مفاہیم کو آرٹ اور فن کے مختلف طریقوں سے پیش کرنا درحقیقت معاشرے میں دینی تعلیمات اور دینی مفاہیم کو منتقل کرنے کا بہترین اور مؤثر طریقہ ہے ۔
حرم امام رضا(ع) کے متولی نے ماہ مبارک رمضان میں آئی آر آئی بی کے نشر کئے جانے والے مقبول ترین ٹی وی پروگرام’’محفل‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اورقومی میڈیا پر نشر کئے جانے والے دینی پروگراموں میں دلچسپ ،مقبول اور متنوع ترین پروگرام ’’محفل‘‘ تھا جس نے یہ ثابت کر دیا کہ دینی و ثقافتی اقدار کو فن اور آرٹ کے پرکشش فن پیرائے میں معاشرے تک منتقل کیا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ریڈیو اور ٹی وی کے دینی و مذہبی پروگراموں میں فن و آرٹ کے استعمال کی کمی محسوس کی جارہی تھی ،کہا کہ آرٹ اور فن اسلامی تعلیمات کو معاشرے تک پہنچانے کا بہترین وسیلہ ہے اور میڈیا کو چاہئے کہ وہ آرٹ اور فن کا استعمال کرتے ہوئے ان اسلامی تعلیمات کو جن کے فروغ کے لئے اولیاء الہی اور بزرگان دین نے کوششیں کی ہیں اور ان کے دفاع میں بہت زیادہ پاکیزہ لہو بہا ہے اسے اس طرح سے نشر کرے کہ سامعین و ناظرین کے ذہنوں میں ہمیشہ کے لئے نقش ہو جائے ۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے کہا کہ ہم نشریاتی ادارہ آئی آر آئی بی کے ساتھ مطالب تیار کرنے میں ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں ،آستان قدس رضوی اور نشریاتی ادارہ آئی آر آئی بی دونوں ایک مجموعہ ہیں اس لئے آستان قدس رضوی؛ حرم امام رضا(ع) کی ثقافتی سرگرمیوں کے لئے قومی میڈیاکے ماہرین کے تخلیقی نظریات سے استفادہ کرنے کے لئے آمادہ ہے ۔
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے اس ملاقات کے دوران مزید باہمی تعاون بڑھانے کے لئے قومی میڈیا میں آستان قدس رضوی کے دفتر کے قیام کی بھی تجویز پیش کی جس کا آئی آر آئی بی کے سربراہ نے خیرمقدم کیا۔
قومی میڈیا میں نئے نقطہ نظر سے پالیسیوں میں تبدیلی
اس ملاقات کے دوران ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹی وی کے ادارے کے سربراہ پیمان جبلی نے بھی اپنے ادارے کے اہم اقدامات اور پروگراموں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے آستان قدس رضوی کے قومی میڈیا کے ساتھ تعاون کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی کے میڈیا سینٹر میں ٹیکنیکل طور پر بہت اچھا ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا کےحرم حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کی وجہ سے دونوں اداروں کےلئے دینی و ثقافتی اہداف کا حصول آسان ہو گیا ہے ۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مواد اور پالیسیوں میں تبدیلی؛ سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے ایجنڈے میں شامل ہے ،کہا کہ ہم سرکاری اور قومی ذرائع ابلاغ کے تعلیمی اور قرآنی پروگراموں میں نئی اور تخلیقی روش کی تلاش میں ہیں جس میں تفریح، نشاط اور سرگرمی ہواور پروگرام’’محفل‘‘ نے یہ ثابت کر دیا کہ ہم یہ کام انجام دے سکتے ہیں۔
آئی آر آئی بی کے سربراہ پیمان جبلی نے بتایا کہ ہمارا قومی نشریاتی ادارہ(صدا و سیما) ترقی کی راہوں پر گامزن ہے نئی پالیسیوں پر کام ہو چکا ہے جس کے ذریعہ ہم مواد میں تبدیلی لائیں گےان تبدیلیوں کے نتائج کا کچھ حصہ قومی میڈیا کے پروگراموں میں دیکھا جا سکتا ہے ۔
سرکاری قومی نشریاتی ادارہ کے سربراہ نے حرم حضرت ثامن الحجج علی بن موسیٰ الرضا(ع) کے کاموں کو معاشرے کے لئے امید اور معنویت و روحانیت کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے ملک کے ثقافتی ڈھانچہ کی انقلابی طرز پر تعمیر نو کی ضرورت پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکیدات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی میڈیا اپنے آپ کو رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حکم کا ایک واضح مصداق سمجھتا اور آج ہمارے ہدف کا تعین رہبر معظم انقلاب کے حکم کی روشنی میں ہے البتہ ہمیں ان اہداف و مقاصد کے حصول کے لئے بھرپور کوشش کرنی ہو گی ۔
پیمان جبلی نے حرم امام رضا(ع) میں آستان قدس رضوی کے توسط سے جدید طرز کے اسٹوڈیوز کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے آستان قدس رضوی کے متولی کو موبائل نشریاتی یونٹ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔