حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس خبرگانِ رہبری کے رکن اور امام جمعۂ تہران آیت اللہ سید احمد خاتمی نے قم ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر پہلوانیان سے ملاقات میں مقاومتی محاذ کی کوریج کے سلسلہ میں ملکی میڈیا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا: روزمرہ سیاسی مسائل اور واقعات پر مزید تجزیاتی پروگراموں کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے قم ٹیلی ویژن کی کارکردگی کو علماء اور حوزوی مراکز کے لیے قابل اطمینان قرار دیا اور سامعین کو زیادہ متوجہ کرنے کے لیے " نور چینل قم" کے پروگراموں میں مزید تنوع پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔
آیت اللہ خاتمی نے مزید کہا: روزمرہ سیاسی مسائل پر تجزیاتی پروگراموں میں اضافہ، عفاف و حجاب کے حوالے سے ثقافتی پروگراموں کو بڑھانا اور بچوں و نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگراموں پر توجہ دینا انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ قوم کے مستقبل کا سرمایہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر پہلوانیان نے بھی اس ملاقات کے آغاز میں اس مرکز کی کارکردگی اور نئی حکمت عملی پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: ہم بھی قم ٹیلی ویژن میں اس مقدس شہر کی معنویت اور معرفت کے عظیم ذخیرے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔