حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس عزا کا انعقاد ہوا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اس موقع پر تنظیم سے وابستہ کئی مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہزادی کونین جناب سیدہ فاطمۃ الزھرا ؑ کی سیرت طیبہ اور شان و عظمت کے مختلف پہلووں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔
آغا صاحب نے جناب سیدہ ؑ کا ذہد و تقویٰ سخاوت و کریمی عشق و عرفان الٰہی اور دین و ملت کے حوالے سے فکرمندی کو اعلیٰ ترین نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایک صالح اسلامی معاشرے کی تعمیر کے لئے خاتون جنت جناب سیدہ فاطمہ ؑ کے کردار و عمل کے سوا کوئی بھی نتیجہ خیز لایحہ عمل نہیں ہو سکتا۔
تصویری جھلکیاں: ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس عزا
انہوں نے کہا کہ سیرت فاطمہ ؑ اور اور ان کے مقام و منزلت کی طرف لوگوں کو متوجہ کرکے نہایت آسانی کے ساتھ سماجی بدعات اور اخلاقی بے راہ روی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ ؑ فرائض و حقوق نسوان کی سب سے عظیم المرتبت ترجمان ہے جس نے خواتین کے لئے اسلام میں مختص کئے گئے حقوق کے قوانین کو بحال رکھنے کے لئے نہایت تکلیف دہ حالات کا سامنا کیا رسول اسلام ؐ کی اس برگزیدہ بیٹی اور خواتین عالم کی سردار جناب فاطمہؑ کے تئیں خراج عقیدت اور انکی سیرت کا ایک اہم تقاضا یہ ہے کہ ہم خواتین کے حقوق کی پاسداری کریں اور ان حقوق کی ادئیگی کے سلسلے میں کسی وسوسے کا شکار نہ ہو جائے ۔