حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے علاقائی دفاتر قائم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ صوبہ سندھ میں دو علاقائی دفاتر مدرسہ جوادیہ لکھی غلام شاہ اورمدرسہ امام العصر حیدر آباد میں قائم کردیئے گئے ہیں ۔تاکہ مدارس دینیہ کے درمیان روابط مضبوط ہوں۔ مولانا عبدالمجید بہشتی مدرسہ جوادیہ اورمولانا کرم علی حیدری مدرسہ امام العصرکے علاقائی دفاتر کے انچارج ہوں گے۔
وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اورناظم مرکزی دفتر مولانا لال حسین قمی نے اپنے دورہ سندھ کے دوران دونوں دفاتر کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد افضل حیدری نے واضح کیا کہ دونوں دفتر مرکزی دفتر جامعةالمنتظر کی برانچیں ہوں گی ،جو علاقے میں موجود اسلامی تعلیمی اداروں اور وفاق المدارس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنائیں گی۔اب طلباء اور اساتذہ کو مرکزی دفتر جامعةالمنتظر آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ان کے رجسٹریشن ،امتحانات اور دیگر معاملات اپنے علاقائی دفاتر سے ہی حل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں تیسرا علاقائی دفتر کراچی میں آئندہ ماہ قائم کیا جائے گا۔مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات عوام تک پہنچانے کے لیے مدارس کا اہم کردار ہے۔ مدارس کے کردار کی وجہ سے منبر حسینی پر خطاب کرنے والے علماءکی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔جوکہ قرآن و اہل بیت کی تعلیمات کو اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کی زیادہ تعداد سے جہالت کے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد کوفروغ حاصل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ قرآن و سنت انتشار کی اجازت نہیں دیتے ۔ہمیں اسلام دشمن قوتوں کے مقا بلے میں اتحاد و اتفاق سے رہنا ہوگا۔سٹیج حسینی سے محبت کا پیغام جانا چاہیے۔