حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بہشت الزہرا ؑ پارک بڈگام میں تنظیمی کارکنوں کے ہمراہ چنار کا بوٹا لگایا۔
واضح رہے کہ بہشت الزہرا ؑ پارک قصبہ بڈگام کی ایک معروف پارک ہے جو علاقہ میں نماز گاہ عاشورہ کے نام سے بھی موسوم ہے جہاں ہر سال انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے برآمد کئے جا رہے جلوس عاشورہ میں شامل لاکھوں لوگ نماز ظہرین ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر آغا صاحب نے اسلام میں شجر کاری کی اہمیت اور اجر و ثواب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری ایک بہترین صدقہ جاریہ ہے اور مخلوقات خدا کی خدمت اور راحت کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ درختوں سے نہ صرف انسان فائدہ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی کہیںدیگر مخلوقات بھی راحت محسوس کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی پارک میں سایہ دار درخت موجود نہ ہو تو ایسی پارک بے معنی ہو کر رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چنار ہماری تہذیب و ثقافت اور تاریخ کے ساتھ جڑا ہوا ہے کشمیر کی جس پارک میں چنار کا درخت نہ ہو اسے یہاں پارک کہنا ایک مذاق سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی موجودہ تشویش ناک ماحولیاتی صورتحال کے پیش نظر شجر کاری کی اہمیت اور بھی بڑ چکی ہے ۔