حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے شہر کراچی کے سمندری ساحل پر موجود امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر آنے والے شیعہ زائرین پر انتہاء پسندوں نے حملہ کر دیا، خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔
تفصیلات کے مطابق 28 صفر المظفر امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے شیعہ زائرین کی بڑی تعداد امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر عزاداری کیلئے پہنچی، جہاں پہلے سے موجود انتہاء پسندوں نے زائرین پر دھاوا بول دیا اور فرقہ وارانہ نعرے لگائے اور مزار کا تقدس پامال کیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق،انتہاء پسندوں کی جانب سے اشتعال انگیزی کے موقع پر پولیس بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر جاری کئے بیان میں موقع پر موجود ایک شیعہ زائر نے کہا کہ ایک مخصوص گروہ نے امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر باقاعدہ قبضہ کر رکھا ہے اور وزارت اوقاف بھی اس گروہ کی سرپرستی کر رہی ہے، ہم صرف امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کو ان کے جد کا پرسہ پیش کرنے آئے تھے، لیکن یہاں موجود انتہاء پسندوں نے خواتین سے بھی بدتمیزی کی اور اشتعال انگیزی سے مزار کے تقدس کا پامال کیا۔
زائر نے مزید بتایا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے تحریک لبیک اور سنی تحریک کے کارکنان امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر شیعہ زائرین کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، حکومت سندھ ان کے خلاف فوری ایکشن لے اور اولیاء اللہ کے مزار کی بےحرمتی کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کرے۔