۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی

حوزہ,عربی مغربی ایشیا اور شمالی افریقی ممالک میں بڑے پیمانے پر بولی جاتی ہے اور ہندوستان کے ان ممالک کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی/اگنو، اسکول آف فارن لینگویجز نے جولائی 2022 سیشن سے فاصلاتی تعلیم کے ذریعہ ایم اے عربی کا آغاز کیا ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید، سکریٹری، وزارت امور خارجہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ پروفیسر ناگیشور راؤ، وائس چانسلر اگنو نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب رونمائی میں یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرز اور علاقائی مراکز کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے سکریٹری ڈاکٹر اوصاف سعید نے عربی زبان میں ایم اے پروگرام شروع کرنے پر اگنو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عربی مغربی ایشیا اور شمالی افریقی ممالک میں بڑے پیمانے پر بولی جاتی ہے اور ہندوستان کے ان ممالک کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں۔ عربی زبان سیکھنے والوں کو ترجمہ کے ذریعہ ملازمت کے بہت سے مواقع سفارت خانوں اور اسپتالوں میں ہیں۔

پروفیسر ناگیشور راؤ، وائس چانسلر نے اپنے صدارتی خطاب میں اس پروگرام کے آغاز میں اسکول آف فارن لینگویجز کی فیکلٹی کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور بتایا کہ ایم اے عربی پروگرام بہت مقبول ہو رہا ہے اور پہلے ہی 1000 سے زیادہ اندراجات تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا آن لائن موڈ بعد میں شروع کیا جائے گا، جو عربی بولنے والے ممالک میں ہندوستانی باشندوں میں زیادہ مقبول ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی افریقی ممالک کو وزارت خارجہ کے ای ودیا بھارتی اقدام کے ذریعے پروگرام پیش کر رہی ہے۔

پروفیسر سومترا ککریتی، پرو وائس چانسلر اگنو نے اسکول کو عربی پروگرام کے آغاز کے لئے مبارکباد دی اور اس حقیقت کی تعریف کی کہ پروگرام پہلے ہی سیشن میں کافی مقبول ہو رہا ہے۔ وائس چانسلر اگنو اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر مالتی ماتھر، ڈائریکٹر اسکول آف فارن لینگویجز اگنو نے کہا کہ عربی 25 ممالک میں بولی جاتی ہے جس کی آبادی 440 ملین سے زیادہ ہے ۔

پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد سلیم نے پروگرام کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ جبکہ تقریب رونمائی کی نظامت اور کلمہ تشکر ڈاکٹر طفلیل احمد، اکیڈمک کنسلٹنٹ (عربک) نے پیش کیا ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .