حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فرزند رسول (ص) حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر ولی العصر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم اور تمام محبان اہلبیت علیہم السلام کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا : امام سجاد علیہ السلام نے اپنی امامت کے پینتیس برسوں میں دین اسلام اور انسانیت کی خاطر وہ عظیم خدمات انجام دی ہیں جن کی مثال تاریخ میں بہت کم ملتی ہے، یہی وجہ تھی کہ جب آپ (ع) کی مظلومانہ شہادت کی خبر مدینہ میں پہنچی تو سارے مدینہ کے لوگ امام کے جنازے میں شرکت کرنے پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت امام سجاد علیہ السلام نے عاشورا کے بعد تحریک کربلا کی سنگین ذمہ داری سنبھالی اور اپنے پدر بزرگوار کے پیغام دین اسلام اور ان کے عظیم مشن کو آگے بڑھانے کا کام انتہائی باکمال انداز سے انجام دیا، علی ابن الحسین علیہ السلام نے تحریک عاشورا کے مقصد اور اس کے بنیادی فلسفے کو دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : حضرت امام زین العابدین (ع) عبادتوں کی زینت، بندگی اور بندہ نوازی کی آبرو، دعا و مناجات کی جان، خضوع و خشوع اور خاکساری و فروتنی کی روح تھے، آپ خدا کی وہ برگزیدہ ہستی ہیں کہ جن کی خلقت ہی توکل اور معرفت کے ضمیر سے ہوئی، سید سجاد (ع) نے دعا کو معراج اور مناجات کو عروج و رسائی عطا کی، جن کی ایک ایک سانس تسبیح اور شکر خدا سے معمور تھی، جن کی دعاؤں کا ایک ایک فقرہ عالم بشریت کے لئے سرمایہ نجات اور نصیحت و حکمت سے سرشار ہے، یہ پیغام ہمارے لئے اہم ہے کہ آپ کے صبر و استقلال نے پایہ تخت یزید کو ہلا کر رکھ دیا، خونخوار اموی حکمران آپ کے پیغام ولایت سے خائف رہتے تھے یہی وجہ بنی کہ زمین پر خدا کی حجت اور پاکیزہ ہستی کو زہر دلوا کر شہید کردیا گیا ہے۔