حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، راجہ محمد امیر محمد عرف سلیمان میاں والی ریاست محمود آباد کے سانحہ ارتحال پر مولانا سید شاہد جمال رضوی گوپال پوری، بانی و مدیر شعور ولایت فاؤنڈیشن نے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا جس کا متن حسب ذیل ہے:
انا اللہ و انا الیہ راجعون
سوشل میڈیا کے ذریعہ انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی کہ ریاست محمود آباد کے والی و وارث ڈاکٹر راجا محمد امیر محمد خان اعلی اللہ مقامہ اس دار فانی سے دار بقا کی طرف کوچ کرگئے ؛ رضابقضائہ
راجا صاحب مرحوم کے سانحۂ ارتحال سے علم و ادب ، تہذیب و ثقافت ، مہمان نوازی اور انسان دوستی کے ایک روشن باب کا خاتمہ ہوگیا ، آپ کا خاندان کئی نسل سے شیعہ قوم کی خدمت میں منہمک رہاہے، اس خاندان کی بے لوث مذہبی اور دینی خدمات کا ایک واضح اور زندہ ثبوت "مدرسۃ الواعظین"ہے جس میں ہزاروں علماء وافاضل نے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کرکے دین مبین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا عظیم مرحلہ سر کیاہے اور دور افتادہ علاقوں میں بھی مذہب کی قندیلیں روشن کی ہیں ۔ آپ خود بھی بڑے عالم و فاضل ، ادیب و شاعر اور بہترین مرثیہ خواں تھے ، بیک وقت کئی زبانوں پر عبور رکھتے تھے ، انگریزی ، اردو اور فارسی کے علاوہ عربی بھی اہل زبان کی طرح بولتے تھے،علم و ادب دوست بہت زیادہ تھے ، اہل علم اور ارباب ادب کی بہت زیادہ قدر کرتے تھے ، دوسروں سے خندہ پیشانی سے ملنا ان کے اخلاق و کردار کا وطیرہ تھا۔
افسوس صد افسوس ایسا بہترین انسان اب ہمارے درمیان نہیں ہے ، ہم اس عظیم فقدان پر شیعہ قوم اور ان کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں اور خداوندعالم کی بارگاہ میں دست بدعا ہیں کہ ان کی مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان خاص طور سے ان کے فرزندوں کو صبر جمیل عطا فرمائے نیز فرزندوں کے ذریعہ مرحوم کی دینی اور علمی خدمات کا سلسلہ جاری و ساری رکھے ؛ آمین یا رب العالمین ۔
شریک غم :
سید شاہد جمال رضوی گوپال پوری
بانی و مدیر شعور ولایت فاؤنڈیشن