حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے زیر اہتمام “قدس آزادی کے دہانے پر” کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس سے قم المقدسہ کی معروف قدیمی دینی درسگاہ مدرسہ حجتیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین مجید تلخابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ولی امر مسلمین امام خامنہ ای مدظلہ کی پیشن گوئی کے مطابق غاصب صہیونی حکومت کا بدترین انجام نزدیک ہے اور اس نے نابود ہونا ہے، لیکن اس وعدے کی تکمیل میں مسلمانوں کو اپنے فرائض اور ذمہ داری کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر ظلم و بربریت ان کی نابودی کا پیش خیمہ ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین تلخابی نے کہا کہ حق و باطل کے درمیان فرق کرنے اور دنیا کے سامنے باطل کے چہرے سے نقاب ہٹانے کے لئے اہل حق کو مظالم پر صبر اور حق کے لئے قربانی دینا ہوگی۔
اس پروگرام کے اختتام پر، رواں سال اربعین حسینی علیہ السلام کے موقع پر اباعبداللہ الحسین علیہ السّلام کے زائرین کی خدمت اور رہنمائی کرنے والے مبلغین کی تجلیل بھی کی گئی۔