۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
News ID: 395820
9 جنوری 2024 - 18:14
شیخ محسن نجفی

حوزہ/ آه محسن ملت اب ہم میں نہیں رہے، ملت تشیع آج ایک اور عظیم سہارے سے محروم ھو گئی، ہزاروں شاگردوں کے شفیق استاد، محسن قوم، پدر روحانی، مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی اعلی اللہ مقامہ دیار عشق کی جانب کوچ کر گئے اس خبر نے ملت کو سوگوار بنادیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خواہر شمائلہ نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آه محسن ملت اب ہم میں نہیں رہے، ملت تشیع آج ایک اور عظیم سہارے سے محروم ھو گئی، ہزاروں شاگردوں کے شفیق استاد، محسن قوم، پدر روحانی، مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی اعلی اللہ مقامہ دیار عشق کی جانب کوچ کر گئے اس خبر نے ملت کو سوگوار بنادیا ہے۔

اے گردشِ ایام ہمیں رنج بہت ہے

کچھ لوگ تھے ایسے جو بچھڑے کے نہیں تھے

یہ خبر نہیں تھی اک صدمہ ہے جو دل پر گزرا ایسے محسوس ہوا جیسے آج ہم پھر کسی عزیز سرپرست کی شفقتوں سے محروم ہوگئے ، جیسے چلچلاتی ہوئی دھوپ میں سایہ ابر چھن گیا ہو، سینہ غم سے تنگ ہے اور آنکھیں پرنم

عالَم یتیم ہوتا ہے عالِم کی موت سے

عالِم کی موت اصل میں عالَم کی موت ہے

یقیناً علماء کرام انبیا کے وارث ہیں۔ علماء کی زندگی انبیاء کی میراث کی تقسیم میں بسر ہوتی ہے۔ ان کا وجود ستاروں کی مانند ہے جو اپنی جگمگاہٹ اور روشنی سے اندھیروں میں منزل کے متلاشیوں کو ان روشن راستوں کا پتا دیتی ہیں۔ جن پر چل کر وہ اپنی منزل مقصود تک پہنچ پائیں۔ علماء کا وجود جہاں امت کے لیے قیمتی ہوتا ہے وہاں ان کی موت سے بھی ایک خلا پیدا ہوجاتا ہے جو صدیوں پُر نہیں ہوسکتا ۔ علماء کرام کا داعی اجل کو لبیک کہہ دینا دراصل قحط رجال کے اس دور میں ایک ایسا نقصان ہے جس کی کمی شاید ہی پوری ہوسکے۔

قوم کے لیے محسن ملت محسن علی نجفی جیسی شخصیت سے محرومی بھی ایسا خلا پیدا کر گئی ہے، جس کی کمی صدیوں محسوس ہوتی رہے گی۔ آپ فقط عالم دین، مفسر، مؤلف اور مترجم ہی نہیں، بلکہ دینی مدارس، سکول اور کالجز کا قیام عمل میں لانے والے اسوہ سکول اینڈ کالجز سسٹم کی بانی بھی تھے۔

جہاں ان کا علمی اور فلاحی امور میں نام ہے وہیں آپ اتحاد بین المسلمین کے سب سے بڑے داعی بھی تھے۔ آپ نے اپنےتمام شاگرد وں کو تربیت دینی کے ساتھ ساتھ اتحاد اور اتفاق بین المسلمین کی تعلیم بھی دی۔

آج غم کی اس گھڑی میں میں امام زمانہ ارواحنالہ الفداء، مراجع عظام ملت اسلامیہ اور ان کے شاگردوں خاص کر حجةالاسلام والمسلمین شیخ اسحاق نجفی حجةالاسلام والمسلمین شیخ انور نجفی ان کی دختران اور دیگر لواحقین کی خدمت میں تسلیت پیش کرتی ہوں اور اللہ تعالٰی سے دعا گو ہوں کہ اس مجاہد في سبیل اللہ اور عظیم اسلامی مفکر اور دلسوز پدر معنوی کو اجر عظیم عطا فرمائے!آمین ثم آمین

تبصرہ ارسال

You are replying to: .