حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، کتاب "بر دین حسین علیهالسلام" کی مصنفہ محترمہ نجمه صالحی نے حوزه نیوز ایجنسی کے خبرنگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: کتاب "بر دین حسین علیهالسلام" محمد حسین افراخته، مریم امامی شوشتری اور کوثر وفادار کے ساتھ تحقیق اور تعاون کا نتیجہ ہے، جو انتشارات انصاریان کے زیر اہتمام شائع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا: اس کتاب میں امام حسین علیہ السلام کے اصحاب کے مقامِ امامت پر اعتقاد کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس تحقیق کا مرکز غیر ہاشمی اصحاب امام حسین علیہ السلام کے عقائد کا مطالعہ رہا ہے؛ کیونکہ روز عاشورا کو شہادت پر فائز ہونے والے بنی ہاشم، خاص طور پر امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فرزندوں کے لئے تو امام حسین علیہ السلام کا دفاع بدیہی تھا۔
کتاب "بر دین حسین علیهالسلام" کی مصنفہ نے مزید کہا: اس کتاب میں اس موضوع پر گذشتہ کتب اور تحقیقات کی موجودگی اور تکراری کام سے بچنے کے لئے امام حسین علیہ السلام کے دشمنوں کے مذہبی عقائد کا جائزہ نہیں لیا گیا ہے؛ صرف پہلے باب میں یزید، عبیداللہ بن زیاد اور عمر بن سعد کی افواج کے کچھ عقائد کا مختصر ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اس کتاب کا بنیادی مقصد امام حسین علیہ السلام کے اصحاب کی فضیلتوں اور عقائد کا تفصیلی جائزہ لینا ہے جس کا اب تک دقیق جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔ کیونکہ ان کی شناخت ہر دور میں امام زمان کی نصرت کی واضح مثال فراہم کرتی ہے اور ان شاءاللہ حضرت ولی عصر عجل اللہ فرجہ کے منتظرین کے لئے روشنی کا مینار ثابت ہوگی، تاکہ وہ مکمل بصیرت اور معرفت کے ساتھ ان کے ظہور کے منتظر ہوں اور دل، زبان اور عمل کے ساتھ اس راہ میں قدم رکھیں اور امام حسین کے با وفا اصحاب کی پیروی کرتے ہوئے اپنے امام زمان کی مدد اور جان نثاری کے لئے ہر وقت تیار ہوں۔