۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ مرید نقوی

حوزہ/ جامع علی مسجد میں خطبہ نماز جمعہ سے نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے کہا کہ امر بالمعروف ونہی عن المنکر یعنی تبلیغ دین صراط مستقیم ہے، فتوی دینے کا اختیار صرف مجتہد کو ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ صراط مستقیم جنت کی ضمانت ہے۔ امر بالمعروف ونہی عن المنکر یعنی تبلیغ دین صراط مستقیم ہے۔ قرآن مجید کی سورہ الحمد میں صراط مستقیم سے مراد اصول دین یعنی عقائد اسلام اور فروع دین یعنی احکامات دین مبین ہے۔ چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اہل بیت اطہار ؑکی محبت اور اطاعت صراط مستقیم ہے ۔

جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا نماز ،روزہ، حج ،زکوٰة ،خمس صراط مستقیم ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نماز بے حیائی سے روکتی ہے اگر کوئی شخص نماز بھی پڑھتا ہے اور بے حیائی اور فحاشی کا بھی مرتکب ہوتا ہے تو اس کی نماز قبول نہیں، وہ ظاہری نمازیں پڑھتا ہے۔

علامہ مرید نقوی نے کہا کہ فتوی دینے کا اختیار صرف مجتہد کو ہے، اس کے علاوہ کوئی فتویٰ جاری کرتا ہے تو یہ صراط مستقیم سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا خاندان بیوی بچوں اور رشتہ داروں کے حقوق کی ادائیگی بھی صراط مستقیم ہے۔ انہوں نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بنت علی و بتول نے یزیدیت کو شکست دی ، جس کی وجہ سے آج کربلا خوبصورت اور روشن جبکہ یزیدیت رسوا اور پسپا ہے۔

علامہ مرید نقوی نے جامعہ المنتظر کے محسنین سید برادران اور شیخ برادران کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم علامہ صفدر حسین نجفی اور سیٹھ نوازش علی کی خدمات کو ہمیشہ یاد کررکھے گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .