۷ مهر ۱۴۰۳ |۲۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 28, 2024
جامعہ المنتظر لاہور

حوزہ/ عصری اور دینی علوم سے آراستہ جامعہ المنتظر فیز 2 کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے، تاہم جامعہ المنتظر فیز 2 میں طلباء پہلے دو سال کے اندر کالج کی تعلیم اور شرح لمعہ کی پہلی جلد مکمل کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی عظیم دینی درسگاہ حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر کے زیر اہتمام جامعہ المنتظر فیز 2 کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

عصری اور دینی علوم سے آراستہ جامعہ المنتظر فیز 2 کا باقاعدہ افتتاح؛ آیت اللہ سید حافظ ریاض کا خطاب

رپورٹ کے مطابق، علامہ عارف حسین شاکری کو نئے مدرسے کا پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔

جامعہ المنتظر فیز 2 کی افتتاحی تقریب، حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاون میں منعقد ہوئی، جس میں علماء اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے طلباء کو حصول علم کے دوران آنے والی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ طلباء حصول علم کے دوران آنے والی مشکلات سے نہ گھبرائیں اور ہدف ہمیشہ بلند رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء؛ بڑے بڑے مجتہدین کے استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید ابو القاسم خوئی رحمتہ اللہ علیہ بننے کا ہدف مقرر کریں، آپ علم کا بہت بڑا سمندر اور مرجع عالی قدر آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کے بھی استاد تھے۔

آیت اللہ سید حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ طلبہ کلمہ طیبہ، اذان، اقامت اور نماز یاد کریں اور ترجمے پر بھی توجہ دیں۔

جامعہ المنتظر لاہور کے فیز 2 کی افتتاحی تقریب میں علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ کرم علی حیدری، علامہ علمدار حسین نقوی اور علامہ لیاقت حسین بھی شریک ہوئے۔

افتتاحی تقریب سے علامہ مرید نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر جدید کا کورس چھ سال پر مشتمل ہوگا۔ پہلے دو سال میں کالج کی تعلیم اور شرح لمعہ کی پہلی جلد مکمل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے چار سال میں طے شدہ کورس اور یونیورسٹی تک تعلیم مکمل کروائی جائے گی۔

اس موقع پر علامہ مرید نقوی نے کہا کہ ابتدائی طور پر 60 طلباء سے جامعہ المنتظر کے نئے شعبے آغاز کیا جا رہا ہے۔ ان کا ہاسٹل اور کلاسیں علیحدہ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ساتویں سے دسویں کلاس تک کے بچوں کو جامعہ المنتظر فیز 2 میں داخلہ دیا گیا ہے۔ ان شاءاللہ، اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

تقریب میں علمائے کرام کی بڑی تعداد اور علی مسجد کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .