۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
مرید نقوی

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر نے جامع مسجد علی، حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تقویٰ مضبوط ایمان کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے ہمیں تقویٰ کی کوشش کرنی چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر حجت الاسلام مولانا سید مرید نقوی نے جامع علی مسجد جامعہ المنتظر لاہور میں نمازِ جمعہ کے خطبے میں تقویٰ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تقویٰ مضبوط ایمان کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے ہمیں تقویٰ کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے نزدیک قبیلے، قوم، دولت، عہدے اور منصب کی کوئی حیثیت نہیں ہے، اللہ کے نزدیک معزز صرف متقی ہے۔کوئی چودھری ، ملک یا کچھ بھی ہو اعزاز کی علامت صرف تقوی ٰ ہے۔ رسول اللہ سے نسبت کی وجہ سے سادات کا دنیا میں احترام ہے لیکن اللہ کے نزدیک ان کا احترام تقویٰ ہی کی وجہ سے ہوگا، کیونکہ رسول اللہ سید کو دنیا میں رسوا دیکھنا نہیں چاہتے۔ حدیث رسول اللہ ہے :’میری اولاد کا احترام کرو۔ اگر نیک ہیں تو اللہ کے لیے اور اگر نیک نہیں ہیں تو میری وجہ سے ان کا احترام کرو“۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کا فیصلہ ہے کہ اللہ کے نزدیک صرف متقی ہی صاحب عزت ہے ۔ کسی کی ذات، قوم، عہدہ ، دولت اس کو فائدہ نہیں دے سکتے ۔اللہ کے قرب کی وجہ صرف اس کا تقوی ہے، وہ مفتی ہو، عالم ہو، مجتہد ہو اگر وہ صاحب تقوی نہیں ہے تو اللہ کے نزدیک وہ قابل احترام بھی نہیں ہے۔

علامہ مرید نقوی نے پانچویں تاجدار امامت حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کے حوالے سے کہا فرزند رسول ، دین میں فقہ کی بنیاد رکھنے والے جبکہ ان کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فقہ کو آگے بڑھانے والے ہیں، فقہ جعفریہ انہیں کے نام سے منسوب ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جن کا اپنا اسلام مشکوک ہے، وہ آل رسول کو کافر قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا امام محمد باقر علیہ السلام نے اپنے جد بزرگوار حضرت ابو طالب علیہ السلام کے ایمان کا دفاع کیا اور واضح کیا کہ پوری کائنات سے زیادہ بھاری ایمان ابو طالب رکھتے تھے۔ وہ مومن قریش تھے جنہوں نے لوگوں کو دین کی طرف متوجہ کیا۔

علامہ مرید نقوی کا کہنا تھا متحدہ ہندوستان میں لکھنؤ علوم قرآن و سیرت اہل بیت کا مرکز رہا ہے۔ جبکہ پاکستان میں حوزہ ہائے علمیہ کا آغاز کرنے اور انہیں فروغ دینے والے علامہ محمد یار شاہ نجفی تھی۔ انہیں مدارس کی وجہ سے شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس نجفی ،علامہ صفدر حسین نجفی ، ملک اعجاز حسین ، آیت اللہ محمد حسین نجفی جیسی شخصیات مدارس کی وجہ سے پیدا ہوئیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .