حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، (AKSAD)آل کرگل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے "تذکرہ" کے عنوان سے ایک شاندار اور یادگار کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں خطہ لداخ کی تین عظیم شخصیات،مرحوم لاما لبزنگ، مرحوم عبدالغنی شیخ، اور مرحوم عبدالحمید تنویر،کی زندگی و خدمات، اور کارناموں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کانفرنس میں خطے کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات، اساتذہ، پروفیسرز، اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس میں خطے کی کئی نمایاں شخصیات بطور مہمان شریک ہوئیں، جن میں جناب حاجی حنفہ جان (ممبر پارلیمنٹ)، ڈاکٹر جعفر آخوند (چیئرمین چیف ایگزیکٹو کونسل، کرگل)، اور جناب آخوند قمر علی (چیئرمین کے ڈی اے کرگل) شامل تھے۔ ان معزز شخصیات نے اپنے خطابات میں اس کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا اور طلبا کی اس علمی کاوش کو خطے کی فکری ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
تصاویر دیکھیں:
آل کرگل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن دہلی کی جانب سے "تذکرہ" کانفرنس کا شاندار انعقاد
کانفرنس میں مختلف مقررین نے ان تین شخصیات کی زندگی، علمی خدمات، اور سماجی کردار پر روشنی ڈالی:
مولانا جواد حبیب نے مرحوم عبدالحمید تنویر کی علمی و ادبی خدمات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم تنویر کی تحریریں اور خیالات موجودہ دور کے لیے بھی ایک مشعلِ راہ ہیں۔
پروفیسر ارچنا اوجا نے مرحوم لاما لبزنگ کی شخصیت اور ان کے سماجی، مذہبی، اور ثقافتی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان کی خدمات کو خطے کے لیے ایک قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
مولانا فیروز ربانی نے مرحوم عبدالغنی شیخ کی علمی اور ادبی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ان کی کتابوں اور تحقیقی کاموں کو معاشرے کی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
اشوکا مشن کے نمائندے جناب ٹشی موتپ کاو نے لاما لبزنگ کی خدمات کو سراہا اور انہیں انسانیت کے لیے ایک مثالی شخصیت قرار دیا۔
کانفرنس کے دوران "کاروانِ امید" کے عنوان سے ایک میگزین کی بھی رونمائی کی گئی، جو خطے کے ادبی و علمی موضوعات پر مبنی ہے۔ اس موقع پر جناب ڈاکٹر اعجاز حسین، انور حسین، ڈاکٹر راتکہ، پروفیسر محمد حسن، ڈاکٹر اقبال، اور ڈاکٹر بشیر نے میگزین کے رسم اجرا میں شرکت کی اور اس اقدام کو سراہا۔
جناب حاجی حنفہ جان نے اپنے خطاب میں طلباء کو سماجی خدمت اور علمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی۔ ڈاکٹر جعفر آخوند نے کہا کہ یہ کانفرنس نوجوان نسل کے لیے خطے کی عظیم شخصیات کے علمی و فکری ورثے کو سمجھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر آل کرگل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر جناب معین صاحب نے تمام شرکا، بالخصوص مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کے مزید پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے طلبا سے اپیل کی کہ وہ ان سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کاوش کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں۔
یہ کانفرنس انتہائی منظم اور کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ حاضرین نے ان عظیم شخصیات کے نظریات اور خدمات سے متاثر ہو کر اپنی زندگی میں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کا عزم کیا۔ اس تقریب کو خطے کی تاریخ میں ایک یادگار علمی و فکری اجتماع کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔