حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ شاہی آصفی مسجد میں 13 دسمبر 2024 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے تقوی کی فضیلت اور اہمیت بیان کی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امیر المومنین علیہ السلام کی حدیث "تمہارا حقیقی بھائی وہ ہے جو تمہاری لغزشوں کو نظر انداز کرے، تمہاری ضرورت کو پورا کرے، تمہارے عذر کو قبول کرے، تمہارے عیوب کو چھپائے، خوف و ہراس کو تم سے دور کرے، تمہاری آرزوؤں اور امیدوں کو پورا کرے۔" کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: کچھ لوگ جو عیبوں سے پردہ اٹھاتے ہیں اور بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ میں غلط بات نہیں کہہ رہا ہوں، اس کو میں نے اپنی آنکھوں سے شراب خانے میں دیکھا ہے، اگر دیکھ بھی لیا ہے تب بھی یہ عیب ہے تو عیب پر پردہ ڈالیں، آج اگر ہم کسی کے عیب پر پردہ ڈالیں گے تو قیامت کے دن پروردگار ہمارے عیبوں پر پردہ ڈالے گا۔ اگر آج ہم لوگوں کے عیبوں کو عیاں کر رہے ہیں، ظاہر کر رہے ہیں، بیان کر رہے ہیں خدا نے قیامت کے دن اگر ہمارے عیبوں سے پردہ اٹھایا تو کس کو منہ دکھائیں گے وہاں تو سبھی جمع ہوں گے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث "میرے بھائیوں میں سب سے محبوب بھائی وہ ہے جو میرے عیوب کو مجھے بطور ہدیہ بتا دے۔" کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: سب سے اچھا بھائی، سب سے افضل بھائی وہ ہے جو تمہارے عیب کو تم سے بتائے، تمہارے کان میں آ کر تم سے بتائے، مجمع میں نہیں، چوراہے پر بیٹھ کر نہیں، ہوٹل پر بیٹھ کر نہیں۔ ظاہر سی بات ہے مومن مومن کا آئینہ ہوتا ہے۔ بھائی بھائی کا آئینہ ہوتا ہے، آئینہ کی صفت ہے جیسی صورت ہوگی ویسا ہی دکھائے گا جیسی شکل ہے ویسی ہی دکھائے گا تو مومن مومن کا آئینہ ہے بھائی اگر بھائی کا آئینہ ہے تو آئینہ میں جیسا کردار ہے، جیسی صفات ہیں، جیسا اخلاق ہے ویسا اسے بیان کرے، حق سے زیادہ تعریف کرنے والا چاپلوس ہوتا ہے اور حق سے کم کہنے والا حاسد ہوتا ہے اور ان دونوں سے بچنا ضروری ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے آیت وضو یعنی سورہ مائدہ آیت 6 کی روشنی میں طہارت کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: طہارت کا مقصد نعمتوں کا تمام ہونا اور شکر ہے۔ اسی طرح غدیر خم میں اعلان ولایت امیر المومنین علیہ السلام کے بعد آیت نازل ہوئی کہ ہم نے نعمتوں کو تمام کیا۔ جس سے واضح ہوتا ہے کہ جس طرح طہارت کے بغیر نماز نہیں ہوگی اسی طرح ولایت امیر المومنین علیہ السلام کے بغیر کوئی عمل قبول نہیں ہوگا۔