منگل 31 دسمبر 2024 - 18:46
حافظہ کی تقویت کے اسلامی طریقے: دعا، اعمال اور مجرب نسخے

حوزہ/ اسلامی تعلیمات میں حافظے کو بہتر بنانے کے لیے دعا، ذکر اور مفید غذاؤں کے استعمال کی ترغیب دی گئی ہے۔ اس تحریر میں ہم دعا، اعمال اور مجرب نسخوں کے ذریعے حافظہ کو تیز کرنے کے اسلامی طریقوں پر روشنی ڈالیں گے۔

تحریر: مولانا محمدرضا اہلیا مبارکپوری

حوزہ نیوز ایجنسی | انسانی زندگی میں حافظہ ایک اہم نعمت ہے جو علم و عمل کے میدان میں کامیابی کی کنجی ہے۔ موجودہ دور میں بھولنے اور یادداشت کی کمزوری کا مسئلہ عام ہوتا جا رہا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں حافظے کو بہتر بنانے کے لیے دعا، ذکر اور مفید غذاؤں کے استعمال کی ترغیب دی گئی ہے۔ اس تحریر میں ہم دعا، اعمال اور مجرب نسخوں کے ذریعے حافظہ کو تیز کرنے کے اسلامی طریقوں پر روشنی ڈالیں گے۔

حافظہ تیز کرنے کی دعا

اسلامی تعلیمات میں دعا کو ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے کا ایک موثر ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ امام جعفر صادقؑ کی ہدایت کے مطابق، نماز صبح کے بعد بغیر کسی سے بات کیے یہ دعا پڑھی جائے:

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ یَاحَیُّ یَا قَیُّوْمُ فَلَاْ یَفُوتُ شَیْئاً عِلْمُهُ وَلَا یَؤُدُهُ

(کفعمی، ص199)

مزید یہ کہ مطالعہ کے آغاز سے قبل یہ دعا بھی پڑھی جائے:

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ اَللّهُمَّ اَخْرُجْنی مِنَ الظَّلُماتِ الْوَهْمِ وَ اَکْرِمْنی بِنُورِ الْفَهْمِ الَّلهُمَّ افْتَحْ عَلَینا اَبْوابَ رَحْمَتِکَ وَ انْشُرْ عَلَیْنا خَزائِنَ عُلُومِکَ بِرَحْمَتِکَ یا اَرْحَمَ الرَّاحِمینَ۔

حافظہ بہتر بنانے والے اعمال

اسلامی روایات میں حافظہ تیز کرنے کے لیے چند اعمال کا ذکر کیا گیا ہے:

1. مسواک کرنا: حافظہ کو بہتر بنانے کے لیے مسواک ایک بہترین عمل ہے۔

2. روزہ رکھنا: روحانی اور جسمانی طور پر مفید ہونے کے ساتھ حافظے کو بھی تقویت دیتا ہے۔

3. قرآن پڑھنا: قرآن کی تلاوت ذہنی سکون اور حافظے کو مضبوط کرتی ہے۔

4. شہد کھانا: شہد کا استعمال دماغی صلاحیتوں کے لیے مفید قرار دیا گیا ہے۔

5. کُندر چبانا: روایات میں کندر کو حافظہ بڑھانے کے لیے موثر بتایا گیا ہے۔

حافظہ تیز کرنے کے مجرب نسخے

اسلامی روایات میں امام معصومینؑ نے حافظے کو مضبوط بنانے کے لیے مخصوص غذاؤں کے استعمال کی ترغیب دی ہے:

1. منقی:

حضرت امام علی رضاؑ فرماتے ہیں:

"جو شخص اپنے حافظے کو تیز کرنا چاہے، اسے روزانہ تین تولے منقی کھانا چاہیے۔"

2. ادرک کا مربہ:

"بھولنے کے مرض کے لیے ادرک کا مربہ، جو شہد میں ڈوبا ہو، روزانہ تین ٹکڑے کھانا مفید ہے۔ اس کے ساتھ رائی کو غذا میں شامل کرنا بھی ضروری ہے۔" (طب معصومینؑ، ص30)

3. زعفران اور شہد:

حضرت علیؑ فرماتے ہیں:

"زعفران اور شہد کو ملا کر صبح نہار منہ کھانے سے حافظہ اس قدر تیز ہوگا کہ لوگ جادوگر سمجھیں گے۔" (طب معصومینؑ، ص30)

4. حافظہ بڑھانے کا نسخہ:

حضرت امام جعفر صادقؑ نے فرمایا:

"سنائے مکی، سعد ہندی، فلفل ابیض، کندر اور زعفران کو برابر مقدار میں پیس کر شہد میں ملا لیں۔ روزانہ چار ماشہ سات دن تک کھائیں۔ اگر چودہ دن استعمال کریں تو حافظہ اس قدر بڑھ جائے گا کہ لوگ ساحر سمجھیں گے۔" (طب معصومینؑ، ص31)

5. ہلیلہ کا مربہ:

حضرت امام علی رضاؑ فرماتے ہیں:

"جو شخص اپنی عقل کو بڑھانا چاہے، وہ روزانہ تین ہلیلہ کا مربہ کھائے جو شکر کے قوام میں تیار کیا گیا ہو۔" (طب معصومینؑ، ص31)

حافظہ اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر اور حفاظت ضروری ہے۔ اسلامی تعلیمات میں حافظے کو تیز کرنے کے لیے دعاؤں اور مخصوص غذاؤں کے استعمال کی بھرپور تاکید کی گئی ہے۔ ان دعاؤں اور اعمال پر عمل کرکے نہ صرف یادداشت کو بہتر بنایاجا سکتا ہے بلکہ دینی اور دنیاوی معاملات میں کامیابی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha