منگل 7 جنوری 2025 - 13:09
تبّت میں شدید زلزلہ، 53 افراد جاں بحق، 62 زخمی

حوزہ/ چین کے جنوب مغربی علاقے تبّت میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 53 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہو چکے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چین کے جنوب مغربی علاقے تبّت میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 53 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہو چکے ہیں۔

زلزلہ صبح 9:05 بجے (مقامی وقت) پیش آیا، جس کا مرکز تینگری کا علاقہ تھا، جو اورسٹ کے شمال میں واقع ہے، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ بعض رپورٹس میں اس کی شدت 7.1 ریکٹر تک بتائی گئی ہے۔

زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ نپال، بھوٹان اور ہندوستان سمیت قریبی ممالک میں بھی محسوس کیا گیا، نپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو، جو زلزلے کے مرکز سے 400 کلومیٹر دور ہے، وہاں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد تینگری کے دیہات میں 4.4 ریکٹر تک کے درجنوں آفٹر شاکس آئے ہیں۔

زلزلے سے علاقے میں 1000 سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں، حادثے کے بعد چین کے صدر شی جن پنگ نے فوری طور پر ہنگامی امدادی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔

امدادی کارروائیوں میں 1500 سے زائد فائر فائٹرز اور امدادی اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ 22 ہزار سے زائد ضروری سامان متاثرہ علاقوں میں بھیجا گیا ہے۔

جنوب مغربی چین، نپال اور شمالی ہندوستان زلزلے کے لحاظ سے حساس علاقے شمار ہوتے ہیں۔ 2008 میں سیچوان میں 7.8 شدت کے زلزلے نے 70 ہزار سے زائد افراد کی جان لی تھی، جبکہ 2015 میں نپال کے کٹھمنڈو میں آنے والے زلزلے میں 9 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha