حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الہادی اسکول دنیور گلگت میں محسن ملت، مفسر قرآن آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کی پہلی برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اسکول کے پرنسپل، جناب سردار علی نگری نے کی، جنہوں نے فقید راحل اعلی اللہ مقامہ کو ایک نمونہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات اور شخصیت کو بچوں کے لیے ایک قابل تقلید مثال قرار دیا۔
انہوں نے مفسر قرآن کی زندگی، علمی کارناموں، اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ اور نوجوان ان کی شخصیت سے رہنمائی حاصل کریں اور ان کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محسن ملت کی زندگی تبلیغ دین، تعلیم و تفسیر، اور خدمت خلق کے لیے وقف تھی۔ ان کی جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دین اور انسانیت کی خدمت کے لیے انتھک محنت ضروری ہے۔
تقریب میں الہادی اسٹارز اور دینی طلاب نے بھرپور شرکت کی اور عالم بابصیرت کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محسن ملت کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنانے کا عزم کیا۔
آپ کا تبصرہ