بدھ 5 فروری 2025 - 02:37
اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے

حوزہ/ اسماعیلی شیعہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارلحکومت لزبن میں 4 فروری کو ہوا۔ پرنس کریم آغا خان کی نماز جنازہ لزبن ہی میں کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم تدفین کے مقام کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔ اسی طرح تاریخ اور وقت کا اعلان انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے پر کیا جائے گا، نماز جنازہ میں شاہ کریم کے اہل خانہ اور جماعت کے سینئر لیڈر اور امامت انسٹی ٹیوشنز کے اداروں سے منسلک افراد شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق جماعت کے اراکین سے درخواست کی گئی ہے کہ جب تک انہیں مدعو نہ کیا جائے وہ نماز جنازہ میں ذاتی حیثیت میں شرکت کی کوشش نہ کریں۔ اعلامیہ کے مطابق نماز جنازہ کو براہ راست دکھائے جانے کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے بارے میں آگاہی دی جائےگی۔

قابل ذکر ہے کہ شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے۔ روایات کے تحت ان کے جانشین یعنی اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں حاضر امام کو نامزد کردیا گیا ہے۔ جانشین کی نامزدگی پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں کی تھی، پرنس کریم آغا خان کے اہل خانہ اور جماعت کے سینئر اراکین کی موجودگی میں یہ وصیت پڑھ کر سنائی جائے گی۔

اسماعیلی عقیدے کے مطابق کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کمیونٹی امام کے بغیر رہی ہو، جیسے ہی ان کا امام اس دنیا سے رخصت ہوتا ہے، اس کا منصب اس کے نامزد جانشین کو منتقل ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ چودہ سو برس سے قائم ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha