حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وادی کشمیر کے معروف عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفیؒ کشمیری کی تیسری برسی کی مناسبت پر ان کے آبائی وطن موضع خنداہ میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔
اس مجلس میں مومنین کشمیر نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کی دینی، سماجی اور ثقافتی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس تقریب میں وادی کے جید علماء اور ذاکرین کرام نے شرکت فرمائی اور شیخ صاحبؒ کی علمی اور سماجی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی تعلیمات سے بہرہ مند ہونے کی تاکید فرمائی۔
اس سلسلے کی پہلی نشست میں مقامی ذاکرین نے مرحوم شیخ صاحبؒ کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھر ذاکر اہل بیت (ع) سید اکرار حسین صاحب نے اپنے مخصوص انداز میں مرثیہ پڑھا۔ نماز ظہر کے بعد اسی سلسلے کی دوسری نشست منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
اس نشست میں معروف عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ غلام رسول نوری نے اپنے مخصوص انداز میں مجلس کو خطاب کیا اور شیخ صاحبؒ کی ترویح روح کے لیے دعا کی۔ ساتھ ہی ذاکرین کرام جناب تصدق حسین زوار صاحب، جناب محمد صفدر صاحب اور جناب سید روحاللہ کاظمی صاحب نے مرثیہ گوئی اور ذکر مصیبت سید الشہداء (ع) کے فرائض انجام دیے۔
اس مناسبت پر علماء کرام اور مومنین کشمیر کی موجودگی میں مرحوم شیخ صاحبؒ کی زندگی پر مشتمل گوهر شب چراغ نامی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی جس میں شیخ صاحبؒ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔









آپ کا تبصرہ