جمعہ 5 ستمبر 2025 - 13:06
امریکہ اور اتحادیوں کا لبنان پر دباؤ؛ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ

حوزہ/ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور خلیجی عرب ممالک نے لبنان کی حکومت پر دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ وہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکام نے بیروت میں کابینہ کے اہم اجلاس سے قبل لبنانی حکام کو خبردار کیا کہ اگر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے میں تاخیر ہوئی تو لبنان امریکی اور خلیجی مالی امداد سے محروم ہو سکتا ہے اور اسرائیل کی جانب سے ایک نئی فوجی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس وقت امریکہ ہر سال لبنانی فوج کو تقریباً 150 ملین ڈالر امداد دیتا ہے۔

گزشتہ ماہ لبنانی حکومت نے پہلی مرتبہ فوج کو ہدایت دی کہ وہ حزب اللہ کے ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ایک باضابطہ منصوبہ تیار کرے۔ کابینہ اس منصوبے پر غور کرنے والی ہے۔ واشنگٹن اور تل ابیب اس اقدام کو بیروت کی "سیاسی عزم کا امتحان" قرار دے رہے ہیں۔

ادھر حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اس حکومتی منصوبے کو "انتہائی غلط فیصلہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام لبنان کو اسرائیلی جارحیت کے سامنے بے دفاع کر دے گا اور مزاحمتی جنگجوؤں کے ساتھ ان کے خاندان بھی قتل و جبری بے دخلی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس دباؤ کے نتیجے میں لبنان میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی بھڑک سکتے ہیں، جس سے امریکی سفارتخانہ بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لبنانی فوج کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا تنہا مقابلہ کر سکے۔ اسی لیے حزب اللہ گزشتہ کئی دہائیوں سے لبنان کا سب سے مضبوط دفاعی ڈھال ثابت ہوا ہے۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں متعدد فوجی اڈے قائم کیے ہیں اور بعض تجزیہ کاروں کے مطابق وہ 1980ء کی دہائی کی طرح ایک "غیر آباد حفاظتی پٹی" دوبارہ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر سکتا ہے۔

کچھ لبنانی حکام کا خیال ہے کہ اسرائیل نے تاحال حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی پسپائی کی کوئی واضح ضمانت نہیں دی، جس سے یہ اقدام عوام میں "بیرونی طاقتوں کے دباؤ" کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکہ اور خلیجی ریاستیں لبنان کو اربوں ڈالر کی اقتصادی امداد کے وعدوں کے ذریعے راضی کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن مبصرین کے مطابق، جب تک اسرائیل کی طرف سے شفاف ضمانتیں فراہم نہیں کی جاتیں، یہ منصوبہ کامیاب ہوتا نظر نہیں آتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha