جمعہ 29 اگست 2025 - 14:37
لبنان کے آرمی چیف نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی امریکی سازش مسترد کر دی

حوزہ/ امریکی دباؤ کے باوجود لبنان کے آرمی چیف جنرل رودولف ہیکل نے واضح کر دیا ہے کہ اگر حزب اللہ کے خلاف خلع سلاح کا منصوبہ نافذ کیا گیا اور اس کے نتیجے میں لبنانی عوام کا خون بہا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی دباؤ کے باوجود لبنان کے آرمی چیف جنرل رودولف ہیکل نے واضح کر دیا ہے کہ اگر حزب اللہ کے خلاف خلع سلاح کا منصوبہ نافذ کیا گیا اور اس کے نتیجے میں لبنانی عوام کا خون بہا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

لبنانی اخبار الاخبار کے مطابق، جنرل رودولف ہیکل نے ایک امریکی وفد سے ملاقات کے بعد اپنے قریبی حلقوں کو بتایا کہ وہ کسی بھی ایسے منصوبے کا حصہ نہیں بنیں گے جو لبنانی فوج کو اپنے ہی عوام کے خلاف کھڑا کرے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی قیادت، بشمول جنرل اسٹاف، ریجنل کمانڈرز، انٹیلی جنس اور نیشنل سیکیورٹی کے اداروں نے بھی حزب اللہ کے ہتھیار چھیننے کے لیے کسی عملی منصوبہ بندی کی مخالفت کر دی ہے۔ ان کے مطابق فوج کے پاس نہ تو اس قدر صلاحیت موجود ہے اور نہ ہی ایسا قدم ملک کے لیے محفوظ ثابت ہو سکتا ہے، بلکہ اس کے نتیجے میں لبنان کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکہ نے لبنان کی حکومت پر دباؤ بڑھا دیا ہے کہ وہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرے، اور اس کے بدلے میں اقتصادی اور بین الاقوامی امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ تاہم، حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں خصوصاً امل موومنٹ نے اس دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری اور دفاعی صلاحیتوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔

حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں کا مؤقف ہے کہ ملک کو امریکہ اور اسرائیل سمیت کسی بھی بیرونی دباؤ سے آزاد رہ کر اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha