ہفتہ 30 اگست 2025 - 15:34
حزب اللہ لبنان امت اسلامی کی عزت و عظمت کی علامت ہے / حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا

حوزہ / حوزہ علمیہ کی اعلیٰ کونسل کے رکن نے لبنان کے عظیم اور مزاحمتی عوام کے خلاف امریکی دہشت گرد کے شیطانی منصوبے کے پیش نظر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس خبرگان رہبری کے رکن، امام خمینی ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ اور جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کی اعلیٰ کونسل کے رکن آیت اللہ محمود رجبی کے اس پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

"فإِنَّ حِزبَ ٱللَّهِ هُمُ ٱلغَالِبُونَ"

امریکی دہشت گرد رجیم حالیہ برسوں میں متعدد طمانچے کھانے کے بعد ایک بار پھر ایک خطرناک سازش کرنے پر تلا ہوا ہے تاکہ اپنی خام خیالی میں خطے میں اپنے پاگل کتے کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ فراہم کر سکے اور لبنان کے غیور عوام کی عقل اور شرافت کی توہین کرتے ہوئے حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے کا شیطانی منصوبہ پیش کر رہا ہے۔

امت اسلامی بالخصوص لبنان اور فلسطین کے عظیم عوام بشمول شیعہ، سنی اور مسیحی، اچھی طرح جانتے ہیں کہ حزب اللہ لبنان نے اپنے قیام سے لے کر آج تک امت اسلامی بالخصوص لبنان کے مظلوم اور مزاحمتی عوام کی عظمت، عزت اور اقتدار کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ کیونکہ یہ لبنانی معاشرے کے اندر سے پیدا ہوئی ہے اور اس کے دشمنوں سے مزاحمت اور لبنان کی شرافت و عظمت کے تحفظ کے لیے اس نے بے دریغ قربانیاں دی ہیں۔

اس مقدس گروہ کے ذمہ داران، اعلیٰ ترین سطح پر جن میں امت اسلامی کے عظیم شہید سید عباس موسوی، سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین (رحمۃ اللہ علیہم) اور صالح عالم و مجاہد حجت الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم (زید برکاتہ) شامل ہیں، سے لے کر مختلف عشروں میں میدان جنگ کے جان نثار سپاہیوں تک، سب نے اپنی گفتار، عمل اور خون سے ثابت کیا ہے کہ وہ لبنان کے عظیم عوام اور امت اسلامی کی عزت، عظمت اور مصلحت کو اپنی اور اپنے خاندانوں کی آرام و سکون پر مقدم رکھتے ہیں اور رکھیں گے۔

حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے کی سازش، جو امریکہ اور صہیونی رجیم کا خواب ہے، کبھی پوری نہیں ہوگی۔ اور یہ سازش جو لبنان اور فلسطین کو ذلت و رسوائی کے دور میں واپس لے جانے کے لیے ہے، خدا کے فضل و قوت سے حزب اللہ کی بہادری اور لبنان کے دیگر غیور طبقات و تحریکوں کے ذریعے امت اسلامی بالخصوص لبنان اور فلسطین کے عوام کے لیے ایک بیش بہا موقع میں بدل جائے گی اور ان شاء اللہ صہیونیوں کے زوال و نیستی کی طرف ایک اور قدم ہوگا۔

لبنان اور فلسطین کے عوام اور ان کی عزت و عظمت حزب اللہ کے مجاہدین کے دلوں میں بسی ہوئی ہے اور حزب اللہ ماضی کی طرح الہی اور انسانی اقدار اور دنیا کے مظلوموں اور مستضعفین کے دفاع کی راہ میں جان تک نچھاور کرنے کو تیار ہے۔

خدا کی رحمتیں ہوں لبنان کے سرفراز عوام پر جنہوں نے ایسے بہادر مردوں اور شیر دل خواتین کو اپنے دامن میں پرورش دی!

خدا کی رحمتیں ہوں لبنان کے عزیز شہیدوں اور مزاحمتی جانبازوں پر جنہوں نے خون کے تلوار پر اور ایمان کی کفر پر فتح کی داستان رقم کی!

خدا کی رحمتیں ہوں شہیدوں اور جانبازوں کے صابر خاندانوں پر اور خدا کا سلام ہو حزب اللہ اور لبنان و فلسطین کے تمام مومن مجاہدوں پر جو الہی وعدوں پر یقین اور بھروسے کے ساتھ ہمیشہ فتح مند رہنے والی مزاحمتی راہ پر گامزن ہیں۔ بیشک یہ خدا کا وعدہ ہے کہ: "وَلَیَنصُرَنَّ ٱللَّهُ مَن یَنصُرُهُ"۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha