تحریر: سید رضی زیدی پھندیڑوی
حوزہ نیوز ایجنسی| دنیا بھر میں ذیابیطس (Diabetes Mellitus) تیزی سے پھیلنے والی ایک خطرناک بیماری ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مطابق کروڑوں افراد اس مرض میں مبتلا ہیں اور ہر سال ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ بیماری صرف خون میں شکر کی زیادتی تک محدود نہیں رہتی، بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دل (Heart)، گردے (Kidneys)، آنکھیں (Eyes)، اعصاب (Nerves) اور جگر (Liver) جیسے اہم اعضاء کو بھی متاثر کرتی ہے؛ اس بیماری کی بنیاد لبلبہ (Pancreas) کی کمزوری یا اس سے انسولین (Insulin) کے اخراج میں خرابی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس مرض کی روک تھام اور علاج کے لیے لبلبہ کی صحت کی حفاظت نہایت ضروری ہے۔
قرآن مجید اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ وہ صرف روحانی ہدایت ہی نہیں بلکہ جسمانی بیماریوں کے علاج کے اصول بھی بیان کرتا ہے۔ ارشادِ ربانی ہے: وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا هُوَ شِفَاءٌ وَرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِينَ۔ (الاسراء آیت 82)
یعنی قرآن مؤمنین کے لیے شفا اور رحمت ہے۔ اس تناظر میں ہم دیکھتے ہیں کہ قرآن میں بعض غذاؤں کا ذکر کیا گیا ہے جنہیں جدید سائنس نے بھی لبلبہ اور انسولین کی فعالیت کے لیے مفید قرار دیا ہے۔
مثال کے طور پر شہد (Honey) کے بارے میں قرآن کہتا ہے: فِيهِ شِفَآءٌۭ لِلنَّاسِ۔ (سورہ نحل، آیت 69)
تحقیق بتاتی ہے کہ شہد میں Antioxidants اور Anti-inflammatory compounds پائے جاتے ہیں جو انسولین کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں اور لبلبہ کی سوزش کو کم کرتے ہیں۔ اسی طرح زیتون (Olive) کے بارے میں فرمایا: وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ (سورہ تین، آیت 1)۔ سائنسی تحقیق کے مطابق زیتون کا تیل Omega-9 Fatty Acids سے بھرپور ہوتا ہے جو انسولین ریزسٹنس کو کم کرتا ہے۔ انجیر (Fig) میں Soluble Fiber اور Antioxidants موجود ہیں جو خون میں شوگر کے توازن میں مدد دیتے ہیں۔ قرآن میں کھجور (Dates) کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: تُسَاقِطْ عَلَيْكِ رُطَبًۭا جَنِيًّۭا۔(سورہ مریم، آیت 25)۔ جدید تحقیقات کے مطابق کھجور میں Magnesium، Zinc اور Iron موجود ہیں جو لبلبہ کے خلیوں کو طاقت بخشتے ہیں۔
اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات بھی واضح کرتی ہیں کہ اللہ نے کوئی بیماری ایسی نہیں پیدا کی جس کا علاج نہ رکھا ہو۔ امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں: إن الله لم ينزل داءً إلا أنزل له دواءً۔ (الکافی، ج 8، ص 369)یعنی اللہ نے کوئی بیماری نہیں اتاری مگر اس کے ساتھ علاج بھی نازل فرمایا۔
رسول خدا نے فرمایا: في الحبة السوداء شفاء من كل داء إلا السام (صحیح بخاری: 5688) یعنی کلونجی (Black Seed) میں ہر بیماری کی شفا ہے سوائے موت کے۔ سائنسی اعتبار سے کلونجی میں Thymoquinone پایا جاتا ہے جو انسولین کی سطح کو بہتر کرتا ہے اور لبلبہ کی سوزش کو کم کرنے میں مددگار ہے۔
جدید سائنسی تحقیق بھی یہی کہتی ہے کہ بعض غذائی اجزاء لبلبہ کی صحت اور انسولین کے توازن کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان میں Zinc جو لبلبہ کے خلیوں کی مرمت کرتا ہے، Magnesium جو انسولین کے عمل کو سہارا دیتا ہے، Selenium جو انسولین کی فعالیت بڑھاتا ہے، Omega-3 Fatty Acids جو سوزش کم کرتے ہیں اور Vitamin D جو انسولین ریزسٹنس کو کم کرتا ہے، شامل ہیں۔
اس سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ کوئی بیماری ایسی نہیں جس کا علاج اللہ اور معصومین علیہم السلام نے نہ بیان کیا ہو۔ اگرچہ قرآن و احادیث میں موجودہ دور کی طبی اصطلاحات جیسے Pancreas یا Diabetes استعمال نہیں ہوئیں، لیکن جو اصول اور غذائیں بیان کی گئی ہیں وہی آج کی میڈیکل سائنس میں ان بیماریوں کے علاج کی بنیاد ہیں۔
یوں تو ذیابیطس اور لبلبہ کی بیماری ایک عالمی چیلنج کی صورت اختیار کر چکی ہے، مگر قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور جدید سائنسی تحقیق دونوں اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں کہ اس بیماری کا علاج اور اس کی روک تھام ممکن ہے۔ اگر انسان اپنی غذائی عادات کو درست کرے، قرآن و احادیث میں بتائی گئی چیزوں کو اپنائے، اور سائنسی اصولوں کو نظر میں رکھے تو یہ مرض نہ صرف قابو میں رہ سکتا ہے بلکہ زندگی بھی بہتر اور صحت مند بنائی جا سکتی ہے۔
ہم سب کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ بیماری صرف جسم کی نہیں، بلکہ روح کی آزمائش بھی ہے۔ لہٰذا اس کے علاج میں دوا کے ساتھ دعا بھی ضروری ہے۔
پروردگارِ عالم سے دعا ہے کہ وہ تمام مریضوں کو خاص طور پر شوگر اور لبلبہ کی بیماری میں مبتلا افراد کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے، ہماری صحت و تندرستی کی حفاظت فرمائے اور ہمیں اپنے فضل و کرم سے ہر بیماری اور ہر بلا سے محفوظ رکھے۔ آمین یا رب العالمین۔









آپ کا تبصرہ