ہفتہ 1 نومبر 2025 - 23:21
اپنے گھر والوں کو علوم عصری اور علوم دینی  سے متعارف کرائیں: مولانا شمع محمد رضوی

حوزہ/ بھیک پور، سیوان، بہار میں قرآن و عترت فاؤنڈیشن علمی مرکز قم ایران کے تحت ہفتہ وار دین و زندگی کلاسز کا انعقاد

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھیک پور، سیوان (بہار) میں ہر ہفتہ شب یکشنبہ، قرآن و عترت فاؤنڈیشن علمی مرکز قم، ایران کے تحت دین و زندگی کے عنوان سے کلاسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مولانا سید شمع محمد رضوی نے اس موقع پر کہا کہ اپنے بچوں اور گھر والوں کو علوم دینی اور عصری سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

اس ہفتہ وار کلاس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوتا ہے اور بعض مواقع پر آیات کے ترجمے بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ کلاس میں نظارت کے ذمہ داران حاضرین کا خیر مقدم کرتے ہیں، جبکہ سوال و جواب کے سیشن میں طلبہ اور نوجوان بھرپور دلچسپی لیتے ہیں۔ اس حوالے سے متعدد اہل خانہ نے انتظامیہ کو اپنے بچوں کی والدین کی طرف سے دینی تعلیم میں دلچسپی کے بارے میں پیغام بھیجا اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

کلاس کے استقبالیہ کلمات میں مسولین نے کہا کہ ہم بزرگان دین اور اہل علم کو پرتپاک استقبال کرتے ہیں، اور اس پروگرام کا مقصد عوام کو دین اسلام سے مختصر مگر جامع انداز میں متعارف کرانا اور نوجوانوں کو مستقبل میں دینی خدمت کے لیے تیار کرنا ہے۔ کلاس میں علوم عصری کے استاد جناب سید آل ابراہیم رضوی، جناب سید کوثر حسین رضوی اور جناب سید آصف حسین رضوی کے ساتھ ساتھ دینی علوم کے معلم بھی حاضر رہتے ہیں اور طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں۔

بانی ادارہ مولانا سید شمع محمد رضوی نے شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلاس میں بزرگوں کی موجودگی اور نصیحتیں طلبہ کے نظم و ضبط اور دلچسپی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ کلاس کے دوران وقفے وقفے سے آیات اور احادیث پیش کی جاتی ہیں اور طلبہ کی تقریری اور ثقافتی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی ہوتا ہے، جس سے ماحول تعلیمی طور پر سازگار رہتا ہے۔

مولانا موصوف نے مزید کہا کہ نوجوانوں اور جوانوں کی مسلسل شرکت دین کی نشر و اشاعت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ سلسلہ معاشرے میں اصلاح اور مثبت انقلاب کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے دین شناسی، سیرت اہل بیت علیہم السلام، اولاد کی تربیت اور اخلاقی تعلیمات کے موضوعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور والدین کو بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے ذمہ دار بنایا۔

مولانا موصوف نے زور دیا کہ علم دین ترقی اور اصلاح کا بنیادی ہتھیار ہے اور موجودہ زمانے کے فتنوں سے بچنے کا سب سے بڑا ذریعہ بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں علم کی روشنی ہوگی وہاں جہالت اور تاریکی کا دخل نہیں، اور یہی وجہ ہے کہ دین و دنیا میں کامیابی کے لیے علم دین کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔

یہ کلاسز ہر ہفتہ بعد نماز مغربین تقریباً 10 بجے شب تک جاری رہتی ہیں اور نوجوان و دانشجویان بھرپور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیتے ہیں، جس سے دین کی تعلیم و تربیت میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔

اپنے گھر والوں کو علوم عصری اور علوم دینی  سے متعارف کرائیں: مولانا شمع محمد رضوی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha