حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی نے اپنے ایران کے دورے کے دوران قم، اصفہان اور مشہدِ مقدس سمیت مختلف شہروں کا دورہ کیا۔اپنے دورہ مشہدِ مقدس کے دوران انہوں نے مجلس وحدت المسلمین شعبہ مشہد مقدس کے دفتر کا اپنے وفد کے ہمراہ وزٹ کیا۔
مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس کے مسئول حجة الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اُنہیں خوش آمدید کہا۔ مہمان وفد میں دفتر قائد ملت جعفریہ شعبہ مشہد مقدس کے مسئول حجة الاسلام مولانا سید نجم الحسن جعفری، سینئر راہنما حجة الاسلام مولانا ڈاکٹر عقیل حیدر زیدی اور سابقہ مسوول حجة الاسلام مولانا سید موسی رضا نقوی بھی شامل تھے۔ پاکستان کی دونوں شیعہ ملی تنظیموں کے اہنماوں کے درمیان نہایت محبت آمیز صمیمی نشست میں مشترکات پر دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ مزاحمت اور تحریکِ مقاومت کی اصل بنیاد وہی ہے جو سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کربلا وہ مرکز ہے جہاں سے انسان کو ظلم و استکبار کے مقابلے میں حوصلہ، عزم اور ہمت ملی۔ آج دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی آزادی اور مزاحمت کی تحریکیں جاری ہیں، وہاں امامِ شہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت اور قربانی ہی ان تحریکوں کی روح اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ مزاحمت کی یہ راہ شہادتوں سے کمزور نہیں پڑتی بلکہ ہر شہادت اس تحریک کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج نہ صرف اسلامی ممالک بلکہ مغربی ممالک کے عوام بھی بڑی تعداد میں فلسطینی مظلوموں کے حق میں سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کی ہے، اور اسرائیل ایک غاصب قوت ہے جو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے انہیں محروم نہیں کر سکتی۔ علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ یہ مزاحمتی تحریک وہ ہے جس نے پوری دنیا کے عوام کو بیدار کیا اور ظالم و مظلوم کے درمیان واضح فرق پیدا کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مظلوم اقوام کی حمایت میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انقلابِ اسلامی نے ثابت کیا کہ امتِ مسلمہ کے پاس ظلم کے ہاتھ کو روکنے اور توڑنے کی صلاحیت موجود ہے۔
آخر میں علامہ ناظر عباس تقوی نے دعا کی کہ خداوند متعال اس مزاحمتی تحریک کو امامِ زمانہ (عج) کے ظہور سے متصل فرمائے اور رہبرِ معظم انقلاب اسلامی جیسی قیادت کی حفاظت فرمائے جو آج عالمِ اسلام کی رہنمائی کر رہی ہے۔









آپ کا تبصرہ