بدھ 29 اکتوبر 2025 - 20:17
قم المقدسہ میں علامہ سید ناظر عباس تقوی کی مؤسسہ تحقیقاتِ اسلامی بعثت میں طلاب کے ساتھ صمیمی نشست

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ سید ناظر عباس تقوی سے قم المقدسہ میں مؤسسہ تحقیقات اسلامی بعثت اور تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ کے طلاب نے مؤسسہ بعثت میں ایک صمیمی نشست کا انعقاد کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ سید ناظر عباس تقوی سے مؤسسہ تحقیقاتِ اسلامی بعثت اور تحریکِ بیداری امتِ مصطفیٰ کے طلاب نے قم المقدسہ میں مؤسسہ بعثت میں ایک صمیمی نشست کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی نے مؤسسہ تحقیقاتِ اسلامی بعثت کا تفصیلی دورہ کیا اور مؤسسہ کے ذمہ داران کے ساتھ ساتھ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیٰ شعبۂ قم کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملکی و عالمی حالات، خصوصاً پاکستان میں ملتِ تشیع کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے باہمی اتحاد و احترام کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

گفتگو کے دوران گلگت بلتستان کے موجودہ سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مرکزی جامع مسجد گلگت اور مرکزی جامع مسجد بلتستان کے درمیان مضبوط اتحاد ہی علاقے کے مسائل کے حل کی کلید ثابت ہوسکتا ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "در حقیقت، یہی وہ ملاقاتیں ہیں جو اختلافات کے باوجود آپس میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہیں۔"

نشست کے اختتام پر علامہ ناظر عباس تقوی نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بڑے خلوص اور وسعتِ قلبی کے ساتھ دیے۔

آخر میں حاضرین نے علامہ ناظر عباس تقوی کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر تعزیت پیش کی اور ان کے علیل فرزند کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha