ہفتہ 29 نومبر 2025 - 15:44
بقیع کے روضوں کا انہدام ناقابل معافی گناہ، مولانا عبید اللہ خان اعظمی

حوزہ/ مولانا محبوب مہدی عابدی: بقیع کی تعمیر کا احتجاج ، ظالم کے چہرے سے نقاب الٹ دیتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی جانب سے زوم کے ذریعے ایک انٹرنیشنل کانفرنس جنت البقیع کی تعمیر کا مطالبہ کرنے کے لیے حجت الاسلام و المسلمین سید احتشام عباس زیدی کی صدارت میں برگزار کی گئی ۔

حسب دستور کانفرنس کا آغاز البقیع آرگنائزیشن کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین سید محبوب مہدی عابدی نجفی نے کیا اور البقیع آرگنائزیشن کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اکیس اپریل کو انگلش کیلینڈر کے حساب سے جنت البقیع کے دلدوز انہدام کو پورے سو سال ہو جائیں گے ، اس لیے تمام عاشقان اہلبیت علیہم السلام سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ اس سال پوری دنیا میں تاریخ ساز احتجاج کریں ۔ یہ یاد رہے کہ ہمارا احتجاج ظالم کے چہرے پر پڑی ہوئی نقاب کو الٹ دیتا ہے اس لیے ملکی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہر شہر ، گاؤں گاؤں ، بستی بستی محبان اھلبیت جلوس نکال کر اپنی مودت کا ثبوت دیں ۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو مقیم شیعہ عالم دین حجت الاسلام و المسلمین سید احمد رضا حسینی نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ والوں کی قبروں کا احترام شرک نہیں بلکہ عین توحید ہے ان کا احترام اس لیے کرتے ہیں کہ یہ ہستیاں اللہ سے قوی رابطہ رکھتی ہیں ۔ ان کی قبریں شعائر الہی ہیں ۔جنت البقیع کی تعمیر کے لیے جو تحریک حجت الاسلام و المسلمین سید محبوب مہدی عابدی نے چلائی ہے وہ اب محراب و منبر سے نکل کر دنیا کے گوشے گوشے میں پھیل گئی ہے ۔

قم المقدسہ میں مقیم شیعہ عالم دین حجت الاسلام و المسلمین سید احتشام عباس زیدی نے اپنی تقریر میں جنت البقیع کی مختصر تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریگزار عرب میں پروردگار عالم نے اپنے عزیز ترین بندے کو مبعوث فرمایا تاکہ اس علاقے کے لوگوں کے دلوں کو نور ایمان سے روشن و منور کرے ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس الٰہی مشن میں سب سے خطرناک لوگ جو مقابلے میں آئے وہ یہودی تھے ، یہ بات میں پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ جنت البقیع کو منہدم کرنے والوں میں یہی گروہ شامل تھا جو اندر سے تو یہودی تھا لیکن ان کا ظاہر اسلامی تھا ۔ آج جنت البقیع جا کر ہمیں بہت تکلیف ہوتی ہے جب ہم معصومین کی ٹوٹی ہوئی قبروں کو دیکھتے ہیں ۔

اھل سنت والجماعت کے خطیب مولوی عبیداللہ خان اعظمی نے علالت کے باوجود اپنی مختصر مگر جامع تقریر میں کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے لیے جن لوگوں نے قربانی دی ہے اگر ہم ان کے آثار کو منہدم کردیں تو ہمیں غدار کہا جائے گا اسی طرح اگر کوئی اھلبیت علیھم السلام کی قبروں کے ساتھ گستاخی کرتا ہے تو وہ دین کا غدار مانا جائے گا ۔ مولوی عبیداللہ خان نے کہا کہ اگر چہ جنت البقیع میں ان کی قبروں کو منہدم کر دیا گیا ہے لیکن ان کا وجود ہماری آنکھوں میں بسا ہوا ہے اور دلوں میں موجود ہے ۔

شہر پونا مہاراشٹرا سے شیعہ عالم دین حجت الاسلام و المسلمین اسلم رضوی نے البقیع آرگنائزیشن کی تحریک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس آرگنائزیشن نے جنت البقیع کو گھر گھر پہنچا دیا ہے ۔ انشاء اللہ اس سال ماہ شوال میں پوری دنیا میں محبان اھلبیت علیھم السلام زبردست احتجاج کریں گے جو تاریخ بشریت میں ثبت ہو جائے گا ۔

حجت الاسلام و المسلمین اسلم رضوی نے ناظرین سے گزارش کی کہ ماہ شوال میں ہونے والے احتجاج کی تیاری ابھی سے شروع کر دیں ۔

حسب دستور قدیم اس کامیاب کانفرنس کی نظامت ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف مولانا علی عباس وفا نے کی اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha