پیر 12 جنوری 2026 - 03:00
حدیث روز | فتنہ و فساد سے کیسے نمٹا جائے؟!

حوزه / امام علی علیہ السلام نے نہج البلاغہ میں فتنہ و فساد سے نمٹنے کی روش کو بیان فرمایا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مندرجہ ذیل روایت کتاب «نہج البلاغہ» سے نقل کی گئی ہے۔ اس روایت کا متن اس طرح ہے:

قَالَ أمیرالمؤمنین علیه السلام:

کُنْ فِی الْفِتْنَةِ کَابْنِ اللَّبُونِ، لَا ظَهْرٌ فَیُرْکَبَ وَ لَا ضَرْعٌ فَیُحْلَبَ.

امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا:

فتنہ و فساد میں اس طرح رہو جس طرح اونٹ کا وہ بچہ جس نے ابھی اپنی عمر کے دو سال ختم کئے ہوں کہ نہ تو اس کی پیٹھ پر سواری کی جا سکتی ہے اور نہ اس کے تھنوں سے دودھ دوہا جا سکتا ہے۔

نہج البلاغہ: کلمات قصار 1

وضاحت:

مقصد یہ ہے کہ انسان کو فتنہ و فساد کے موقع پر اس طرح رہنا چاہیے کہ لوگ اسے ناکارہ سمجھ کر نظر انداز کر دیں اور کسی جماعت میں اس کی شرکت کی ضرورت محسوس نہ ہو کیونکہ فتنوں اور ہنگاموں میں الگ تھلگ رہنا ہی تباہ کاریوں سے بچا سکتا ہے۔

البتہ جہاں حق و باطل کا ٹکراؤ ہو وہاں پر غیر جانبداری جائز نہیں اور نہ اسے فتنہ و فساد سے تعبیر کیا جا سکتا ہے بلکہ ایسے موقع پر حق کی حمایت اور باطل کی سرکوبی کیلئے کھڑا ہونا واجب ہے جیسے جمل و صفین کی جنگوں میں حق کا ساتھ دینا ضروری اور باطل سے نبرد آزما ہونا لازم تھا۔

(ترجمہ اردو نہج البلاغہ، حاشیہ مفتی جعفر حسین مرحوم رہ)

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha