۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حوزہ/ سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے جرات حیدر کرار (ع) کو شعار بنانا ہوگا، اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ جامعۃ المنتظر لاہور اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولائے متقیان حضرت امام علی علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وصی پیغمبر، جانشین رسول کریم (ص) حضرت علی علیہ اسلام کی حکمت و تدبر ہر دور کے رہنما اصول ہیں۔

سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کا کہنا تھا کہ آپ نے اسلام کی حفاظت کے لئے انتھک مجاہد کا کردار ادا کیا اور ہمیشہ ظلم کے خلاف تلوار اٹھائی۔ اور کفار کے مقابلے میں ایک بہادر شجاع انسان کی طرح مرد میدان بن کر مقابلہ کیا۔نہج البلاغہ آپ کے بلند علمی مقام کا بین ثبوت ہے۔ جو پوری امت مسلمہ بلکہ ہر مکتبہ فکر کے لئے رہنما کتاب کا درجہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ شخصیت امام علی علیہ السلام کو سمجھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

آیت اللہ حافظ سید ریاض نجفی نے کہا کہ عالم اسلام کے باہمی تنازعات کا واحد حل فکر علوی میں مضمر ہے جسے اپنا کر منتشر مسلمان جسد واحد کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں، اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے جرات حیدر کرار (ع) کو شعار بنانا ہوگا، اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں، اللہ رب العزت نے امت محمدی سے جس اجر رسالت کا تقاضہ کیا ہے وہ مودت فی القربی ہے، اہل بیت علیہم السلام کی خوشیوں میں خوش اور ایام غم میں غمگین ہونا ہی محب ہونے کی دلیل ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .