۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عارف حسین علی جانی

حوزہ/ حضرت علی علیہ السلام یتیموں کے باپ ہیں اور رات کی تاریکی میں ان کیلئے کھانا لے کر جاتے تھے، یہ عمل معاشرے کے حکمرانوں کیلئے ایک بہت بڑا درس ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی کا کہنا ہے کہ 13رجب المرجب حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یومِ ولادت ہے، دنیا میں اس روز کی نسبت سے جشن کی تقریبات کا عقیدت و احترام سے انعقاد کیا جاتا ہے اور اس دن کو یومِ پدر سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں ولادت حضرت علیؑ کے موقع خصوصی سیمینار اور جشن کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ تنظیم کے مرکزی دفتر لاہور میں جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر عارف حسین نے حضرت علیؑ کے اسوہ حسنہ کو کامل مصداق بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی سیرت طیبہ تمام انسانوں کیلئے درس کی حیثیت رکھتی ہے کہ حضرت علی علیہ السلام غریبوں اور فقیروں کے مدد گار تھے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام یتیموں کے باپ ہیں اور رات کی تاریکی میں ان کیلئے کھانا لے کر جاتے تھے، یہ عمل معاشرے کے حکمرانوں کیلئے ایک بہت بڑا درس ہے۔

انہوں نے مظلومین کی حمایت اور ظالمین کی مخالفت درس علوی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو حضرت علیؑ کی سیرت طیبہ سے درس لیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو مظلومین کی حمایت اور عالم کفر کیخلاف متحد ہو جانا چاہیئے۔

مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ حضرت علی ایک جامع شخصیت کے مالک تھے آپ کی شخصیت پیغمبر اکرم ۖکی تربیت کا معجزہ ہے۔ حضرت علیؑ کی امیر المومنین کی نظر میں انسانی معاشرہ وہ معاشرہ ہے جو انسانی اقدار اور الہی صفات پر مبنی ہو اور اس میں انسانی زندگی ترقی اور ارتقاء کی طرف گامزن رہے چاہے وہ انفرادی اعتبار سے ہو یا اجتماعی لحاظ سے ہمارے لئے بہترین رہنما اصول ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .