۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
رانی پور میں اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد

حوزہ/ نکاح نسل انسانی کی بقا کا سبب ہے اور یہ سنت نبوی ہے نکاح ہی کے ذریعے سے تمام مقدس اور مبارک رشتے وجود میں آتے ہیں جیسے ماں باپ کا رشتہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رانی پور میں جشن مولود کعبہ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے مبارک موقع پر اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اجتماعی شادی کی تقریب میں ضلع بھر سے معززین علماء کرام سیاسی و سماجی شخصیات اور دولہا و دلہن کے خاندان شریک ہوئے۔

اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نکاح نسل انسانی کی بقا کا سبب ہے اور یہ سنت نبوی ہے نکاح ہی کے ذریعے سے تمام مقدس اور مبارک رشتے وجود میں آتے ہیں ماں باپ کا رشتہ ہو یا شوہر اور بیوی کا رشتہ۔ اس لیے دین مقدس اسلام نے نکاح کو عبادت کا درجہ دیا ہے اور یہ حکم دیا ہے کہ نوجوان نسل کی شادی کے انتظام میں جلدی کی جائے تاکہ انسانی معاشرہ حیا عفت اور پاکدامنی جیسے اعلی انسانی اقدار کا امین ہو جبکہ جس معاشرے میں نکاح جیسے مقدس رشتے کو پا مال کیا جائے وہاں بے حیائی فحاشی عریانی جیسی آفات جنم لیتی ہیں اور رشتوں کا تقدس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں جہیز کا انتظام ایک مشکل مسئلہ ہے مڈل کلاس کے لوگ پریشان ہوتے ہیں تو غریب طبقے کے لئے جہیز کا اہتمام اس گھر کے معاشی نظام کو تباہ کرکے رکھ دیتا ہے جہاں اولاد کی شادی کے لئے خاندان قرض جیسی مشکلات میں پھنس جاتا ہے ایسے میں اجتماعی شادیوں کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے۔ جے ڈی سی اور اھل خیر حضرات اس عظیم فلاحی کام پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس موقع پر بزرگ عالم دین علامہ سید ارشاد حسین نقوی نے خطبہ نکاح پڑہا جبکہ پروگرام کے میزبان جناب آغا محمد علی نے خطبہ استقبالیہ اور جناب غلام حسین ملاح نے شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .