حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ ادارہ منہاج الحسین علیہ السلام کے طلبہ نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کا عطیہ دے کر جشن مولود کعبہ منایا۔
تفصیلات کے مطابق، 13 رجب المرجب کی مناسبت سے ادارہ منہاج الحسین علیہ السلام کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کی ہدایت پر ادارہ منہاج الحسینؑ کے طلبہ نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کے عطیات دیئے۔ اس حوالے سے فاطمید فاونڈیشن کی جانب سے ادارہ منہاج الحسین علیہ السلام جوہر ٹاون لاہور میں آج بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا، جس میں منہاج الحسین علیہ السلام کے طلبہ اور شہریوں نے خون کے عطیات دیئے۔
اس موقع پر ادارہ منہاج الحسین علیہ السلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، انہیں کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے بلکہ انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا عبادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جشن مولود کعبہؑ کے سلسلہ میں ادارہ میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ہم نے اپنے طلبہ اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مولودِ کعبہؑ کا جشن اس انداز میں منائیں کہ اُن کی اِس خوشی سے کسی کو زندگی ملے، جس پر طلبہ کی بڑی تعداد نے خون عطیہ دینے کا عزم کیا اور شہریوں نے بھی خون کے عطیات دیئے۔
علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا دیا ہوا خون اگر کسی کی زندگی کا سبب بن سکتا ہے تو اس سے بڑی عبادت اور کیا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے فاطمید فاونڈیشن کے ذمہ داران کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فاطمید فاونڈیشن تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے، جو لائق تحسین ہیں۔