حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرحوم آیت اللہ آقا مجتبی تہرانی نے اپنی ایک اخلاقی نشست میں رجب کے آخری ایام کے حوالے سے کچھ ہدایات فرمائیں جو آپ کے مطالعے کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔
روایات میں رجب کو ’’شہر اللہ الاکبر‘‘ یعنی خدا کا سب سے بڑا اور عظیم مہینہ کہا گیا ہے۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں: ’رجب خدا کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔‘’
اسی طرح روایات میں رجب کو ’’اَصَبّ‘’ بھی کہا گیا ہے؛ اس لیے کہ اس مہینے میں خدا کی رحمت اپنی امت پر بہت زیادہ برستی ہے۔ اس مہینے میں الہی مغفرت کا خاص نزول ہوتا ہے، یہی رجب کی خصوصیت ہے۔
تمام مہینوں میں رجب وہ مہینہ ہے جس میں حاجات پوری ہوتی ہیں۔ یہ صرف اسلام کی بات نہیں ہے بلکہ جاہلیت کے دور میں بھی یہ عقیدہ تھا کہ رجب حاجات کے پورے ہونے کا مہینہ ہے۔
رجب کا مہینہ ہر دور و زمانے میں اتنا ہی قدر و منزلت کا حامل رہا ہے۔ اس مہینے میں خدا کے اولیاء نے اپنا خدا سے تعلق مضبوط کیا۔ لیکن ہم نے کیا کیا؟ ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ: اے خدا! ہمیں اپنے اولیاء کے سایہ اور توجہ میں رکھ، یعنی ان لوگوں کے ذریعے جنہوں نے تجھ تک رسائی حاصل کی ہے، ہمیں اپنے خاص لطف کے سائے میں رکھ۔
ہمیں ان رحمتوں اور مغفرت سے محروم مت کر جو تو نے اس مہینے میں اپنے اولیاء کو عطا کیں۔ لہٰذا اس مہینے کے ہر لمحے کی قدر دانی ضروری ہے۔ ہمیں خدا سے مغفرت، ہدایت اور اپنی تمام حاجات مانگنی چاہیئیں۔









آپ کا تبصرہ