ہفتہ 31 جنوری 2026 - 21:55
مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغینِ ماہِ رمضان کا انعقاد

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام ماہِ رمضان المبارک کے مبلغین کی فکری، علمی اور عملی تربیت کے مقصد سے بروز جمعرات اور جمعہ، 29 اور 30 جنوری 2026 کو مدرسہُ الولایہ قم میں ایک جامع اور بامقصد دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد منعقد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس تربیتی کارگاہ کا مقصد مبلغین کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، ان کی خطابت اور فکری صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں ملکی و بین الاقوامی حالات سے باخبر رکھنا تھا۔

پروگرام کے آغاز میں صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم حجت الاسلام آقای سید ذیشان حیدر الحسنی نے تمہیدی خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے تبلیغِ دین کی ذمہ داریوں موجودہ دور میں درپیش فکری و ثقافتی چیلنجز اور ماہِ رمضان المبارک میں مبلغین کے مؤثر کردار پر مختصر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا: مبلغین کو محض روایتی انداز تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ بدلتے ہوئے حالات اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تبلیغ کو زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا ہو گا۔

مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغینِ ماہِ رمضان کا انعقاد

ورکشاپ کے پہلے دن کے پہلے سیشن میں حجت الاسلام ڈاکٹر سید محمد میر تبار (مدیر گروہ بخش تبلیغات و ارتباطات بین‌المللی مجتمع آمین) نے خطابت کو دلکش اور مؤثر بنانے کے عملی طریقہ کار کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جس میں انہوں نے اسلوبِ بیان، الفاظ کے درست انتخاب، مخاطبین کی نفسیات، اور دینی پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے اصولوں کو بیان کیا۔

اسی دن کے دوسرے سیشن میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجت الاسلام علامہ احمد اقبال رضوی نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پاکستانی سیاست میں مجلس وحدت مسلمین کے کردار پر تفصیلی اور تجزیاتی گفتگو کی۔

مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغینِ ماہِ رمضان کا انعقاد

انہوں نے پاکستان میں مذہبی سیاست کے چیلنجز، عوامی مسائل اور مجلس وحدت مسلمین کی جدوجہد اور حکمتِ عملی کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا۔

ورکشاپ کے دوسرے دن (بروز جمعہ) کے پہلے سیشن میں سابق ایرانی سفیر جناب آقای مصلح زادہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال امریکہ کی منافقانہ اور دوغلی پالیسیوں اور عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے سیاسی حالات، استعماری طاقتوں کے عزائم اور مسلم دنیا کے لیے درپیش خطرات کو واضح کیا۔

دوسرے دن کے اختتامی سیشن میں آقای ڈاکٹر کوشکی نے ضرورت تبیین کے موضوع پر جامع اور فکر انگیز خطاب کیا۔

انہوں نے کہا: موجودہ دور میں فکری و ابلاغی محاذ پر سرگرم ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور حقائق کو مدلل انداز میں عوام تک پہنچانا علماء و مبلغین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ورکشاپ کے آخر میں عالمِ اسلام بالخصوص جمہوریہ اسلامی ایران اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام، وحدت اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ یہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ مبلغین کے لیے فکری بصیرت، تبلیغی مہارت اور سیاسی آگاہی کے حوالے سے ایک اہم اور مؤثر قدم ثابت ہوئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha