حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں اس سال بھی لاکھوں عاشقانِ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا سے مسجد جمکران تک مشی میں شرکت کی۔ اسی موقع پر دنیا بھر کے پاکستانی مومنین کی نمائندگی کرتے ہوئے موکب محبین اباصالح (عج) کی جانب سے زائرین کی خدمت کا بھرپور اہتمام کیا گیا۔ اس بار حالات کی حساسیت کے باعث سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ حسبِ سابق نظم و انضباط اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی مکمل رعایت کو بھی یقینی بنایا گیا۔
موکب محبین اباصالح (عج) مسجد جمکران کے قریب عمود نمبر 111 پر قائم کیا گیا۔ جہاں 14 شعبان کی صبح سے لے کر نیمۂ شعبان المعظم اور 15 شعبان المعظم، روزِ ولادت حضرت ولیعصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی شام تک زائرین کی خدمت جاری رہی۔

موکب محبین أباصالح (عج) میں زائرین کی خدمت کے دوران اس سال نیاز اور کھانوں میں تنوع جس میں صبح کا ناشتہ، دودھ کی سبیل، فرنچ فرائز، چکن فرائی، فروٹ، بچوں اور بچیوں کے لئے چاکلیٹس وغیرہ کے ساتھ ثقافتی ہدایا اور گفٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ اس سال موکب پر زائرین کی پذیرائی کی خاص بات نیاز میں ایرانی کھانے کا بھی خصوصی اضافہ تھا۔ جسے زائرین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی بھی حاصل ہوئی۔
ایران کے مختلف شہروں کے علاوہ دنیا کے متعدد ممالک سے آئے ہوئے زائرین نے موکب کے نظم و نسق، صفائی، اخلاقی رویّے اور خلوص پر مبنی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے عالمی پیغام کی ترویج اور دنیا تک امن، عدل اور انسانیت کا پیغام پہنچانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

قابلِ ذکر ہے اس سال نیمۂ شعبان 1447ھ / 2026ء میں کئی لاکھ سے زائد زائرین نے مشی اور مسجد مقدس جمکران میں اعمالِ نیمۂ شعبان میں شرکت کی۔ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں یہ عظیم اجتماع امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے عالمی پیغامِ امن، وحدت اور امید کا عملی مظہر بن کر سامنے آیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ چند سالوں سے ایران کے شہر قم المقدسہ میں حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران تک ایامِ ولادت امام العصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف میں مشی (پیدل واک) کا اہتمام مسلسل کیا جاتا ہے، جس میں ہر سال نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہ واک اب اربعین واک کو رول ماڈل بناتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد شناخت قائم کر چکی ہے، جہاں ایک جانب دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین کی خدمت کی جاتی ہے اور دوسری جانب جشنِ ولادت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ذریعے امن، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام پوری دنیا تک پہنچایا جاتا ہے۔










آپ کا تبصرہ