بدھ 15 جولائی 2026 - 18:14
کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

حوزہ/ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے شعبۂ ادب کے زیر اہتمام اور المنتظر ایسوسی ایشن پشکم کے تعاون سے حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار اہم علمی و دینی تصانیف کی باوقار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں علماء، دانشوروں، ادباء، عوامی نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل لداخ/ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (لداخ) کے شعبۂ ادب کے زیر اہتمام اور المنتظر ایسوسی ایشن پشکم کے تعاون سے حوزۂ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار گراں قدر علمی و دینی تصانیف کی باوقار تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ اس روحانی و علمی اجتماع میں علماء، دانشوروں، ادباء، عوامی نمائندگان، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مکمل تصاویر دیکھیں:

کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

اس موقع پر جن چار اہم کتب کی رونمائی کی گئی ان میں "فضائلِ سیدہ فاطمۃ الزہراء (سلام اللہ علیہا)"، "فضائلِ امیرالمؤمنین امام علی (علیہ السلام)"، "نفائس الاخبار" اور "نبوت کی شعاعیں" شامل ہیں۔ یہ تمام تصانیف قرآن مجید اور تعلیماتِ اہل بیت اطہارؑ سے گہری وابستگی، طویل علمی تحقیق اور مسلسل فکری کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔

تقریب کی صدارت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (لداخ) کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے کی، جبکہ جمعیت العلماء کے جنرل سیکریٹری، نائب صدر، مجلس علماء کے اراکین اور دیگر ذمہ داران بھی شریکِ محفل رہے۔

کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

تقریب میں چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (LAHDC) کرگل ڈاکٹر محمد جعفر آخوند، رکن پارلیمان لداخ حاجی محمد حنیفہ جان، سابق چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان، ڈائریکٹر فوڈ، سول سپلائیز و امور صارفین لداخ طاہر حسین زبدوی، پدم شری ایوارڈ یافتہ آخوند اصغر علی بشارت، ریاستی ایوارڈ یافتہ مصنف کاچو اسفندیار خان فریدون، غلام احمد جوان، کونسلر حاجی محمد عباس ادلپا، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے سیاسی امور کے انچارج سجاد حسین کرگلی، شعبۂ ادب کے صدر محمد تقی خان نایاب سمیت معروف علماء، دانشوروں، ادباء، سرکاری افسران اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔

کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

اپنے صدارتی خطاب میں مولانا شیخ ناظر مہدی محمدی نے آیت اللہ شیخ محمد حسین مقدس کی طویل علمی، دینی اور تحقیقی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ کا عظیم علمی مقام، تقویٰ، فکری بصیرت اور مکتب اہل بیتؑ سے غیر متزلزل وابستگی ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار جامع علمی کتب کی اشاعت کئی دہائیوں پر محیط مسلسل تحقیق، محنت اور علمی بصیرت کا ثمر ہے۔ طویل علالت کے باوجود آیت اللہ مقدس نے قلم کے ذریعے دین اسلام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جبکہ ان کی مزید کئی اہم تصانیف زیرِ اشاعت ہیں۔

کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر آخوند نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے لداخ کی دینی و فکری تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی ایک عالم دین کی چار علمی کتب ایک ساتھ منظر عام پر آنا اس خطے کی علمی روایت اور فکری سرمایہ کی روشن علامت ہے۔

رکن پارلیمان لداخ حاجی محمد حنیفہ جان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے وہ اس علمی و دینی منصوبے سے قریب سے وابستہ رہے ہیں اور آیت اللہ شیخ محمد حسین مقدس کی رفاقت کو اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ مقدس سے ہر ملاقات روحانی فیض، علمی بصیرت اور فکری رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہے۔

کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

تقریب کا ایک اہم حصہ نئی شائع شدہ کتب پر علمی و تحقیقی تبصروں پر مشتمل تھا۔ آغا ہادی شاہ ہادی نے "فضائلِ سیدہ فاطمۃ الزہراءؑ"، سید مہدی فاضلی نے "نبوت کی شعاعیں"، شیخ محبوب وجدانی نے "فضائلِ امیرالمؤمنین امام علیؑ" جبکہ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم خلیلی نے "نفائس الاخبار" پر جامع علمی جائزہ پیش کیا اور ان تصانیف کی تحقیقی اہمیت، علمی گہرائی اور دینی افادیت کو اجاگر کیا۔

تقریب کے آغاز میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کے فرزند ماسٹر محمد مقدس نے اپنے والد گرامی کی مختصر سوانح حیات پیش کی، جس میں ان کی علمی زندگی، دینی خدمات، ادبی و تحقیقی سرگرمیوں اور تعلیمات رسول اکرم ﷺ و اہل بیت اطہارؑ کی ترویج کے لیے ان کی عمر بھر کی جدوجہد کا ذکر کیا گیا۔

کرگل میں حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی چار علمی تصانیف کی رونمائی

تقریب کے اختتام پر حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسین مقدس کی صحت و سلامتی، طولِ عمر اور مزید علمی کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکائے تقریب نے امید ظاہر کی کہ ان کا علمی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا اور ملت اسلامیہ کے علمی و فکری سرمایہ میں مزید اضافہ کرے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha