اتوار 19 جولائی 2026 - 17:13
حضرت امام حسینؑ اور 72 شہدائے کربلا کی یاد میں مسجدِ حسین (ع) وجئے واڑہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد 

حوزہ/ شیعہ، سنی اتحاد و اخوت کی خوبصورت مثال، پچاس سے زائد افراد نے خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کا پیغام دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وجئے واڑہ: حضرت امام حسینؑ اور 72 شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آج بروز اتوار آندھرا پردیش کے شہر وجئے واڑہ میں واقع شیعہ جامع مسجد، مسجدِ حسینؑ میں مسجدِ حسین کمیٹی کے زیرِ اہتمام رضاکارانہ بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ میں پچاس سے زائد افراد نے خون کا عطیہ دے کر خدمتِ انسانیت کا عملی ثبوت پیش کیا۔

حضرت امام حسینؑ اور 72 شہدائے کربلا کی یاد میں مسجدِ حسین (ع) وجئے واڑہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد 

اس موقع پر شیعہ اور اہلِ سنت برادری کے درمیان اتحاد، یگانگت اور باہمی اخوت کی شاندار مثال دیکھنے میں آئی۔ مؤمنین کے ساتھ اہلِ سنت برادری کے افراد نے بھی بھرپور جوش و خروش سے خون کا عطیہ دیا اور اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات کسی ایک مکتبِ فکر تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے امن، ایثار، خدمت اور بھائی چارے کا پیغام ہیں۔

بلڈ ڈونیشن کیمپ کی نگرانی جناب میر حسین باقری، سابق چیئرمین وقف بورڈ، کرشنا ڈسٹرکٹ نے کی، جبکہ کیمپ کا انعقاد مولانا مرزا ظہیر عباس، امامِ جمعہ و الجماعت مسجدِ حسینؑ اور حوزۂ علمیہ قم کے طالبِ علم مولانا میر جاوید علی باقری کی سرپرستی میں کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔ اس موقع پر مسجدِ حسینؑ کے صدر، سیکریٹری، کمیٹی کے اراکین اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

حضرت امام حسینؑ اور 72 شہدائے کربلا کی یاد میں مسجدِ حسین (ع) وجئے واڑہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا مرزا ظہیر عباس اور مولانا میر جاوید علی باقری نے کہا کہ خون کا عطیہ انسانیت کی عظیم ترین خدمات میں سے ایک ہے۔ ایک صحت مند فرد کے عطیہ کردہ خون سے کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں، لہٰذا ہر صاحبِ استطاعت شخص کو سال میں کم از کم دو مرتبہ رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنا چاہیے۔

حضرت امام حسینؑ اور 72 شہدائے کربلا کی یاد میں مسجدِ حسین (ع) وجئے واڑہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد 

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی پوری حیات حق، عدل، ایثار، قربانی اور خدمتِ انسانیت کا روشن نمونہ ہے۔ واقعۂ کربلا کا پیغام صرف ظلم و جبر کے خلاف قیام تک محدود نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ، محبت، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کا بھی درس دیتا ہے۔ آج کا یہ بلڈ ڈونیشن کیمپ اسی حسینی فکر کی عملی ترجمانی ہے، جہاں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے مل کر خدمتِ انسانیت کے عزم کا اعادہ کیا۔

حضرت امام حسینؑ اور 72 شہدائے کربلا کی یاد میں مسجدِ حسین (ع) وجئے واڑہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد 

منتظمین کے مطابق، حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی یاد میں ہر سال "امام حسینؑ بلڈ ڈونیشن مہم" کا انعقاد کیا جاتا ہے، تاکہ کربلا کے ایثار و قربانی کے پیغام کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضرورت مند مریضوں کی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

اس موقع پر مرزا علی عباس، لیاقت علی، موسیٰ، شاکر حسین، مولا علی، امجد حسین اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • Mahammad chan basha IN 17:59 - 2026/07/19
    Mashallah