منگل 10 نومبر 2026 - 18:56
علامہ شبیر حسن میثمی کا مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کا دورہ / معہد الواعظین کے خطباء و واعظین سے خصوصی خطاب

حوزہ / مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے وفد کے ہمراہ مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معہد الواعظین کے طلاب، مبلغین، خطباء اور واعظین سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے دینی و ملی ذمہ داریوں اور علمی و دینی شخصیات کی خدمات کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہوا۔ اس کے بعد معہد الواعظین کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ سردار حسین نجفی نے معزز مہمان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کی علمی، تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے بالخصوص معہد الواعظین کی تبلیغی میدان میں خدمات، اہداف اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں مہمان خصوصی علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خطاب کرتے ہوئے علماء، خطباء، واعظین اور طلاب کرام کی دینی و ملی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا: قوم و ملت کی علمی، دینی اور تعلیمی خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیات کے کردار، جدوجہد اور علمی میراث کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نئی نسل ان شخصیات کی خدمات اور کارناموں سے آگاہ ہو کر ان کے نقش قدم پر چل سکے۔

علامہ شبیر حسن میثمی کا مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کا دورہ / معہد الواعظین کے خطباء و واعظین سے خصوصی خطاب

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بالخصوص محسن ملت، شیخ الجامعہ حضرت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کی ہمہ جہت علمی، دینی، تعلیمی اور ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حضرت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی شخصیت، افکار، علمی کاوشوں اور قومی و ملی خدمات پر منظم اور جامع تحقیقی کام کیا جانا چاہیے۔

اس سلسلے میں انہوں نے تجویز پیش کی کہ حضرت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی علمی، دینی اور تعلیمی خدمات کو باقاعدہ موضوع تحقیق بنا کر پی ایچ ڈی کی سطح پر تحقیقی مقالہ تحریر کیا جائے، تاکہ ان کا گراں قدر علمی و فکری سرمایہ دستاویزی شکل میں محفوظ ہو اور آنے والی نسلیں ان کی جدوجہد، افکار اور خدمات سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔

انہوں نے اس بات کی اہمیت بھی اجاگر کی کہ دینی مدارس اور علمی اداروں سے وابستہ علماء و محققین اپنی تحقیقی سرگرمیوں میں ملت کی ان ممتاز شخصیات کو خصوصی اہمیت دیں جنہوں نے اپنی زندگی علم، دین، تعلیم اور خدمتِ ملت کے لیے وقف کر دی، کیونکہ ان کی زندگی اور خدمات آئندہ نسلوں کے لیے ایک قیمتی علمی و عملی سرمایہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha