حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے شعبۂ تہذیب و تربیت کی نئی تربیتی مصنوعات کی رونمائی کی تقریب آج قم میں حوزاتِ علمیہ کے مرکز برائے ابلاغ و سوشل میڈیا کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس سے حوزہ علمیہ قم کے قائم مقام مدیر حجت الاسلام والمسلمین حمید ملکی نے خطاب کیا۔
انہوں نے حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی افکار میں انسان کی تربیت کے قرآنی و روائی مبانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: جب ہم امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تصانیف بالخصوص کتاب ’’جہادِ اکبر‘‘ کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام کی روایات سے گہری معرفت حاصل کرتے ہوئے انسان کی بیداری اور اس کی باطنی تبدیلی کے مسئلہ کو خصوصی اہمیت دی۔
حوزہ علمیہ قم کے قائم مقام مدیر نے مزید کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے فکری نظام میں انسان کی تربیت وحیانی تعلیمات کی بنیاد پر استوار ہے۔ اگر ہم اس تربیتی مکتب کے نتائج اور ثمرات کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ شہید آیت اللہ مدنی، شہید آیت اللہ بہشتی اور رہبرِ شہید جیسی عظیم شخصیات اسی فکری اور تربیتی مکتب کے ثمرات میں شامل ہیں۔
انہوں نے سورۂ یونس کی آیت نمبر 57 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: «یَا أَیُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَتْکُمْ مَوْعِظَةٌ مِنْ رَبِّکُمْ وَ شِفَاءٌ لِمَا فِی الصُّدُورِ وَ هُدًی وَ رَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِینَ» ترجمہ: اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے نصیحت آچکی ہے اور یہ سینوں میں موجود امراض کے لیے شفا، ہدایت اور اہل ایمان کے لیے رحمت ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین ملکی نے مزید کہا: اللہ تعالیٰ اگلی آیت میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حکم دیتا ہے کہ لوگوں سے کہیں: «قُلْ بِفَضْلِ اللَّهِ وَ بِرَحْمَتِهِ فَبِذَٰلِکَ فَلْیَفْرَحُوا هُوَ خَیْرٌ مِمَّا یَجْمَعُونَ» ترجمہ: کہہ دیجیے کہ لوگوں کو اللہ کے فضل اور اس کی رحمت پر خوش ہونا چاہیے کیونکہ یہ ان تمام چیزوں سے بہتر ہے جنہیں وہ جمع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ کے فضل و رحمت سے مراد قرآن کریم کی وہی نصیحت، شفا بخشی، ہدایت اور رحمت ہے۔ انسانوں کو اس عظیم نعمت پر خوش ہونا چاہیے کیونکہ یہ دنیا میں جمع کی جانے والی تمام چیزوں سے زیادہ قیمتی ہے۔
حوزہ علمیہ قم کے قائم مقام مدیر نے انقلابی نسل کی تربیت اور عظیم روحانی شخصیات کی تشکیل میں حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا: شہداء اسی تحریک کا ثمرہ تھے جس کا درس امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے قرآن کریم سے حاصل کیا اور خود بھی اس پر عمل کیا۔ امام راحل نے اسی تربیتی طریقۂ کار سے استفادہ کرتے ہوئے ایسی شخصیات کی پرورش کی جو کمال اور معرفت کے بلند مراتب تک پہنچیں۔
انہوں نے قرآن کریم کو انسان کی باطنی بیماریوں کے لیے شفا قرار دیتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ قرآن کریم کے ذریعہ انسانوں کے سینوں اور دلوں میں موجود بیماریوں کو دور کرتا ہے اور ان کے دلوں کو آلودگیوں سے پاک کرکے انہیں جلا اور نورانیت عطا کرتا ہے۔










آپ کا تبصرہ