اتوار 15 نومبر 2026 - 19:35
علامہ طباطبائیؒ کی زندگی علم و معنویت کے راہ پر چلنے والوں کے لیے بہترین نمونہ ہے: آیت اللہ اراکی

حوزہ/ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا ہے کہ علامہ طباطبائیؒ کی پوری زندگی علم و معرفت، خودسازی اور اسلامی معارف کی خدمت میں گزری۔ ان کی شخصیت انسان کے لیے اس بات کا بہترین نمونہ ہے کہ وہ اپنی زندگی کو کس طرح علم و معرفت اور قرب الٰہی کے راستے پر آگے بڑھا سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے اعلیٰ کونسل کے رکن آیت اللہ محسن اراکی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہؑ میں منعقدہ کتاب ’’عیسای مأیوس‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گہرے دینی، اخلاقی اور معرفتی مفاہیم کو کہانی اور ناول کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

علامہ طباطبائیؒ کی زندگی علم و معنویت کے راہ پر چلنے والوں کے لیے بہترین نمونہ ہے: آیت اللہ اراکی

انہوں نے کہا کہ ناول اور تمثیلی داستانیں حقائق اور بلند انسانی اقدار کو سمجھانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ قرآن کریم میں بھی متعدد مقامات پر مثالوں اور واقعات کے ذریعے اہم حقائق بیان کیے گئے ہیں تاکہ انسان ان سے رہنمائی حاصل کر سکے۔

آیت اللہ اراکی نے کائنات میں انسان کی مسلسل حرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگی میں ٹھہراؤ نہیں ہے، بلکہ انسان ہر لمحہ کسی نہ کسی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سفر میں اس کے سامنے دو راستے ہیں؛ ایک راستہ ترقی، کمال اور قرب الٰہی کی طرف لے جاتا ہے، جبکہ دوسرا راستہ پستی اور گمراہی کی طرف پہنچاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان اپنے عقائد، فیصلوں اور اعمال کے ذریعے خود اپنی زندگی کی سمت متعین کرتا ہے۔ بعض لوگ حقیقت کو اسی طرح دیکھتے ہیں جیسی وہ ہے اور اسی کے مطابق اپنی زندگی گزارتے ہیں، جبکہ بعض افراد حقیقت کو غلط انداز میں سمجھتے ہیں اور اس کے نتیجے میں غلط راستے پر چل پڑتے ہیں۔

آیت اللہ اراکی نے علامہ طباطبائیؒ کو علمی اور روحانی بلندی کی نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری زندگی ترقی اور کمال کے راستے پر گزری۔ وہ عالم اسلام کی ممتاز علمی اور فلسفی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی تعلیم، تدریس، تزکیۂ نفس اور اسلامی معارف کی تشریح کے لیے وقف کر دی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ طباطبائیؒ کی عظیم قرآنی تفسیر ’’المیزان‘‘ نے قرآن کی تفسیر قرآن کے ذریعے کرنے کے طریقے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے فلسفہ، عرفان اور دیگر علمی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قرآنی معارف کو سمجھنے کے نئے راستے کھولے۔

آیت اللہ اراکی نے کہا کہ علامہ طباطبائیؒ صرف ایک بڑے مفسر اور فلسفی ہی نہیں تھے، بلکہ ان کی اخلاقی زندگی، روحانی تربیت اور شاگردوں کی پرورش بھی قابل تقلید ہے۔ انہوں نے علم اور معنویت کو ایک دوسرے سے جوڑ کر ایسی مثال قائم کی جس سے آج بھی حوزہ علمیہ اور نئی نسل رہنمائی حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ ناول اور تمثیلی کہانیوں کے ذریعے ایسی عظیم شخصیات کی زندگی اور ان کے تجربات کو عام لوگوں تک پہنچانا چاہیے، کیونکہ واقعات اور کرداروں کے ذریعے انسان اپنے فیصلوں کے نتائج اور صحیح و غلط راستوں کے فرق کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha