حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام علی اصغر قائمی نے سورۂ توبہ کی آیت 122 اور اہل بیت علیہم السلام کی روایات بالخصوص امام حسین علیہ السلام کی اس حدیث کی روشنی میں کہ جس میں تخلیقِ انسان کے مقصد کو بیان کیا گیا ہے، معرفتِ الٰہی کے مقام اور اس کے اعمال سے تعلق پر گفتگو کی۔
انہوں نے ایک نومسلم شخص کی مثال پیش کی جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر تھا۔ جب اس نے یہ آیت «فَمَن یَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَیْرًا یَرَهُ» سنی تو اس نے کہا: «کفانی» (میرے لیے یہی کافی ہے)۔ اس پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «رَجَعَ فَقِیهًا» (وہ فقیہ بن کر واپس گیا)۔
حجت الاسلام قائمی نے کہا: وہ شخص کم حوصلہ نہیں تھا بلکہ اس نے پورے درس کا خلاصہ سمجھ لیا تھا۔ یہی عمیق معرفت اور فہم ہے جو انسان کے کردار اور طرزِ عمل میں تبدیلی پیدا کرتی ہے۔
حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کے استاد نے امام حسین علیہ السلام کی حدیث کے بعض حصوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: امام حسین علیہ السلام فرماتے ہیں: «وَاللَّهِ مَا خَلَقَ اللَّهُ الْعِبَادَ إِلَّا لِیَعْرِفُوهُ، فَإِذَا عَرَفُوهُ عَبَدُوهُ، فَإِذَا عَبَدُوهُ اسْتَغْنَوْا بِعِبَادَتِهِ عَنْ عِبَادَةِ غَیْرِهِ.» خدا کی قسم! اللہ تعالیٰ نے بندوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ اس کی معرفت حاصل کریں۔ جب وہ اس کی معرفت حاصل کرلیں گے تو اس کی عبادت کریں گے اور جب اس کی عبادت کریں گے تو اس کی بندگی کے ذریعہ دوسروں کی عبادت سے بے نیاز ہوجائیں گے۔
انہوں نے حدیث «النَّاسُ عَبِیدُ الدُّنْیَا وَالدِّینُ لَعْقٌ عَلَی أَلْسِنَتِهِمْ...» کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا: کربلا میں 30 ہزار افراد کا 72 افراد کے مقابلے میں صف آرا ہونا اسی حقیقت کا نتیجہ تھا۔ ایک گروہ دنیاوی مفادات کے لیے میدان میں آیا تھا جبکہ دوسرا گروہ ایمان کے جذبے سے سرشار تھا۔
حجت الاسلام قائمی نے مزید کہا: معرفتِ الٰہی کا ایک راستہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت ہے۔ امام صادق علیہ السلام کے فرمان کے مطابق حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت شبِ قدر کے ادراک کے مترادف ہے۔ آپ فرماتے ہیں: «اللَّیْلَةُ فَاطِمَةُ وَالْقَدْرُ هُوَ اللَّهُ، فَمَنْ عَرَفَ فَاطِمَةَ حَقَّ مَعْرِفَتِهَا أَدْرَکَ لَیْلَةَ الْقَدْرِ» شب سے مراد فاطمہ ہیں اور قدر سے مراد اللہ تعالیٰ ہے؛ پس جس نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت حاصل کرلی، اس نے شبِ قدر کو درک کرلیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس نشست میں شہید دستغیب کی کتاب “داستانهای شگفت”، آیت اللہ ابوترابی کی کتاب “اسرار حسن عاقبت و سوء عاقبت” اور “توحید مفضل” کے مطالعے کی بھی سفارش کی گئی۔ نشست کا اختتام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب کے ذکر اور توسل کے ساتھ ہوا۔










آپ کا تبصرہ