حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شہادتِ جناب سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے دفترِ آیت الله سیستانی سجاد باغ کالونی لکھنؤ میں مجلسِ عزاء منعقد ہوئی۔ مجلسِ عزاء کا آغاز مولانا سید محمد حسین رضوی نے تلاوتِ قرآن کریم اور دعائے توسل سے کیا، جس کے بعد مولانا شبیر علی قمی نے خطاب کیا۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت و معرفت بہت بڑی الٰہی نعمت ہے۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے: ’’فاطمہ میرا ٹکڑا ہے، جس نے فاطمہ کو اذیت دی، اس نے مجھے اذیت دی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مقام و مرتبہ اس قدر بلند ہے کہ آپ کی عظمت خود رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات سے نمایاں ہوتی ہے۔
مولانا شبیر علی قمی نے سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، خانہ داری، قناعت اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ زندگی کے واقعات بیان کرتے ہوئے خدمتِ رسول، ایثار اور قربانی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیش آنے والے مصائب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے دین، امامت اور ولایت کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں۔
مجلس کے اختتام پر مولانا قمر الحسن زینبی نے نوحہ خوانی کی، جس کے دوران حاضرین نے سینہ زنی کرکے سیدہ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو پرسہ پیش کیا۔










آپ کا تبصرہ